Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ٹیکسیوں، بسوں اور ڈومیسٹک پروازوں پر پابندی

اس فیصلے سے اندرون ملک چلنے والی متعدد ٹرینیں متاثر ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر ملک میں ٹرینوں، بسوں اور ٹیکسیوں سمیت ڈومیسٹک پروازوں کو 14 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جمعے کو وزارت داخلہ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ پابندی کا اطلاق سنیچر کی صبح چھ بجے سے ہوگا۔
سعودی عرب کی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک کورونا کے 274 کیسز سامنے آچکے ہیں تاہم اس کی وجہ سے تاحال کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔
دنیا بھر میں اس وبا سے لگ بھگ 10 ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ دو لاکھ 40 ہزار افراد اب تک کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اگلے 14 دن تک صرف فلاحی اور ضروری معاملات جیسے کہ طبی انخلاء کے لیے ہی چلائی جانے والی پروازوں کو اجازت ہوگی بشرطیکہ انہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اجازت نامہ جاری کیا گیا ہو۔
سرکاری ایجنسیوں یا صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کی بسیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
اس کے علاوہ اپنے ملازمین کو لانے اور لے جانے والے تجارتی اداروں، یا صحت اور فلاحی مقاصد کے لیے بسیں استعمال کرنے والے افراد پر بھی اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ بس اور ٹیکسی ڈرائیورز معطلی کے حکم کی تعمیل کرنے کے پابند ہیں۔

ٹیکسی اور بس ڈرائیوروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اس پابندی پر عمل کریں (فوٹو: ٹوئٹر)

اس پابندی سے  ہفوف اور عبقیق کے راستے سے چلنے والی ریاض دمام ٹرین سروس اور ریاض سے الجوف سروس براستہ المجمہ، القصیم اور حائل کےعلاوہ حرمین ایکسپریس ٹرین بھی متاثر ہو گی۔  
تجارتی سامان کی نقل وحمل کے لیے ٹرینوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔ جن میں دمام میں کنگ عبد العزیز بندرگارہ  اور ریاض میں ڈرائی پورٹ کے درمیان چلنے والی مال بردار ٹرین اور سعودی ریلوے کمپنی 'سار' کی ٹرین شامل ہیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: