Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے اٹلی میں چار ہزار سے زائد ہلاکتیں

چین میں دوسرے روز بھی کورونا کا کوئی مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
مہلک کورونا وائرس بہت تیزی سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اور دنیا بھر میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اڑھائی لاکھ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سرکاری اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جمعے تک اس عالمی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہو گئی۔
چین نے کورونا وائرس کے خلاف عالمی جنگ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے جس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اس وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے۔

 

چینی حکام نے گذشتہ روز پہلی مرتبہ دعویٰ کیا تھا کہ چین کے شہر ووہان اور ہوبئے صوبے کے دیگر علاقوں میں مقامی سطح پر کورونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا، جبکہ 34 مریض بیرون ملک سے آئے تھے۔
چین میں دوسرے روز بھی کورونا کا کوئی مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اور شرح اموات میں بھی خاطرخواہ کمی دیکھی جا رہی ہے لیکن یہ وائرس اب یورپ اور ایشیا کے دیگر ممالک میں تباہی مچا رہا ہے۔
چین میں 81 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جن میں سے زیادہ تر افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور اس وقت 72 سو افراد زیر علاج ہیں۔ چین میں کورونا سے تین ہزار 248 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
چین میں مجموعی طور پر معمولات زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں کیونکہ فیکٹریاں کھل رہی ہیں، کئی علاقوں میں سکول کھول دیے گئے ہیں اور بعض علاقوں میں کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

یورپ میں کورونا وائرس سے کُل چار ہزار 932 ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

چین کے بعد اٹلی اس وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے  جہاں دو ہفتوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چار ہزار 32 ہو گئی ہے جو چین سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔
یورپ میں کورونا وائرس سے کُل چار ہزار افراد 932 ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ایشیا میں مرنے والوں کی تعداد تین ہزار 431 ہے۔
یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں چار ہزار 32 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور ایران میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 433 بتائی جا رہی ہے۔ اٹلی میں صرف جمعے کے روز 627 افراد ہلاک ہوئے۔

شیئر: