Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کوئی پاکستانی عمرہ زائر کورونا میں مبتلا نہیں'

’کسی گروپ لیڈر نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا۔‘ فوٹو: اے ایف پی
جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ’ عمرے پر آیا ہو کوئی پاکستانی زائرکورونا وائرس میں مبتلا نہیں پایا گیا۔‘
 ’سعودی صحت حکام نے تین پاکستانی زائرین کو شک کی بنیاد پر قرنطینہ میں رکھا تھا تاہم انہیں کلیئر کردیا گیا ہے۔‘
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے مزید کہا کہ’عمرے سے واپس جانے والے ایک پاکستانی کے کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے میڈیا میں اطلاعات  ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں ایک کیس کا سنا ہے لیکن کوئی مصدقہ اطلاع نہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین گروپوں کی شکل  میں آتے ہیں۔ قونصلیٹ حکام  تمام گروپ لیڈروں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ کسی گروپ لیڈر نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص اور علامات کچھ دن بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں آیا جس سے فوری طور پر مرض کی تشخیص کی جا سکے۔
خالد مجید کا کہنا تھا کہ تیس سے پینتس ہزار عمرہ زائر سفری پابندیوں کے بعد موجود تھے ان کی بروقت اور محفوظ واپسی کے لیے کوشش کی۔
’اگر 15 ہزار افراد رک جاتے تو ان کی رہائش، کھانے پینے، صحت اور انشورنس کے حوالے سے بحران پیدا ہونے کا خدشہ تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ لے رہے ہیں۔ سعودی عرب میں موجود اقامہ ہولڈر پاکستانی بھی کورونا سے محفوظ ہیں اور سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ میڈیا میں رپورٹ آئی تھی کہ سعودی عرب سے واپس جانے والے ایک شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

شیئر: