Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں اکیس دن کے لیے لاک ڈاون کا اعلان

گھر میں رہ کر ہی کرونا جیسی مہلک وباسے لڑسکتے ہیں(فوٹوسوشل میڈیا)
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے  اکیس دن کے لیے مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے تاہم ضروری خدمات کی فراہمی جاری رہے گی۔ 
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایک ہفتے میں قوم سے اپنے دوسرے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ’ گھر میں رہ کر ہی کورونا جیسی مہلک وباسے لڑسکتے ہیں اور یہی اس کے سدباب کا واحد راستہ بھی ہے‘۔
انڈین وزیر اعظم نے منگل کی رات بارہ بجے سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا اور کہا  کہ لوگ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

نو افراد اس مہلک بیماری سے ہلاک ہوچکے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

انہوں نے کہا کہ ’ہر شہری یہاں تک کہ وزیر اعظم کوبھی الگ تھلگ رہنا ہے۔ اگر  لاپروائی برتتے ہیں تو بہت بڑے نقصان سے دوچار ہونا پڑسکتا ہے‘۔
مودی نے مزید کہا کہ لاک ڈاون کرفیو کی طرح لیکن ’جنتا کرفیو‘ سے کہیں سخت ہوگا۔ وہ اتوار کے جنتا کرفیو کا حوالے دے رہےتھے جس میں عوام نے رضاکارانہ طور پر چودہ گھنٹے کے لیے لاک ڈاون کیا تھا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا  کہ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا انفیکشن کے سائیکل کو توڑنے کے لیے اکیس دن کو وقت بہت اہم ہے۔اگر ہم اس مدت میں اسے ہینڈل نہ کرسکےتو بہت سے خاندان برباد ہوجائیں گے۔ 
دریں اثنا کانگریس نے کہا  ہےکہ پورا ملک وزیراعظم نریندر مودی کی مکمل لاک ڈاون کی درخواست ماننے کو تیار ہے لیکن مودی کو بتانا چاہئے کہ غریبوں کے 21 دن کیسے کٹیں گے۔

انڈیا میں کورونا  کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

کانگریس کے ترجمان نے وزیراعظم کے خطاب کے بعد ٹوئٹ کیا کہ’ مودی جی، ملک تو لاک ڈاون کی ہر درخواست مانے گا لیکن حکومت نے کورونا وبا کو روکنے کے لئے کیا کیا‘۔ 
یاد رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے۔ نو افراد اس مہلک بیماری سے ہلاک ہوچکے۔

شیئر: