Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ہیری اور میگھن کے سکیورٹی اخراجات امریکہ نہیں دے گا'

میگھن مارکل ایک مرتبہ پھر فلمی کیرئیر کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے سکیورٹی اخراجات امریکہ نہیں دے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کینیڈا سے امریکی ریاست کیلی فورنیا منتقل ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث بارڈر بند ہونے سے پہلے ہی ہیری اور میگھن مارکل ذاتی طیارے کے ذریعے کیلی فورنیا چلے گئے تھے۔
ہیری اور میگھن مارکل اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کے بعد کینیڈا منتقل ہو گئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ وہ ملکہ اور برطانیہ کے دوست اور مداح ہیں لیکن امریکہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے سکیورٹی اخراجات نہیں دے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ جوڑے کی کینیڈا سے امریکہ منتقلی کی خریں آئی ہیں، اور اسے اپنے سکیورٹی اخراجات خود ادا کرنے چاہئیں۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ترجمان نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ان کا واشنگٹن سے کسی قسم کی مدد لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
میگھن مارکل نے برطانیہ منتقل ہونے سے پہلے زیادہ وقت کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہی گزارا ہے اور ان کی والدہ بھی وہیں رہائش پذیر ہیں۔

 

میگھن مارکل جو ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ رہ چکی ہیں ایک مرتبہ پھر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔
ڈزنی ورلڈ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ افریقی ہاتھیوں پر مبنی فلم  کے ڈائیلاگز کی ادائیگی کے لیے میگھن مارکل کی آواز استعمال کی جائے گی۔
رواں سال جنوری میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔

شیئر: