Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نرسنگ کی ڈگری لیے اداکارہ کورونا کے خلاف میدان میں

شکھا ملہوترا نے شاہ رخ خان کی فلم 'فین' میں کام کیا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں ایک اداکارہ نے کورونا وائرس سے لڑنے والوں کی مدد کرنے کے لیے ایک ہسپتال میں رضا کارانہ طور پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
اداکارہ شکھا ملہوترا جنہوں نے شاہ رخ خان کی فلم 'فین' میں کام کیا تھا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کووڈ 19 کے مریضوں کی مدد کا اس لیے فیصلہ کیا کیونکہ ان کھ پاس نرسنگ کی ڈگری ہے۔
اپنے انسٹاگرام پوسٹ پر انہوں نے اس بارے میں لکھا ہے کہ 'چاہے نرس کے طور پر کام کرنا ہو یا انٹرٹینمنٹ کے لیے، ہمیشہ اپنے ملک کی خدمت میں حاضر ہوں۔ آپ کی دعا چاہیے۔'
انہوں نے لوگوں سے گھر کے اندر اور محفوظ رہنے کی اپیل بھی کی۔
اپنے پیغام میں شکھا ملہوترا نے میڈیکل کی تعلیم رکھنے والے تمام افراد سے گزارش کی ہے کہ وہ اس وبا کے خلاف جنگ میں حصہ لیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال ہے، جس کی وجہ سے اضافی طبی عملے کی ضرورت ہے۔


انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد 1000 سے اوپر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

کچھ دن قبل برطانوی حکومت نے ریٹائرڈ ڈاکٹروں اور نرسوں سے کام پر واپس آنے کی اپیل کی تھی اور میڈیکل فائنل ایئر کے طلبہ کو عارضی طور پر ملازمت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 65 ہزار کے قریب سابق ڈاکٹروں اور نرسوں کو واپس ڈیوٹی پر آنے کا کہا جا رہا تھا۔ زیادہ زور برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے سابق ملازمین پر دیا جا رہا تھا اور خاص طور پر وہ جنہوں نے گذشتہ تین سال میں کام کو خیر آباد کہا ہے۔

شیئر: