Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج انتظامات کے لیے ابھی معاہدے نہ کریں: سعودی وزیر

سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بنتن نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک حج انتظامات کے سلسلے میں ابھی حتمی معاہدے نہ کریں۔   
 ڈاکٹر صالح بنتن نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ ’وہ کورونا وائرس کے حوالے سے منظر نامہ صاف ہونے تک حج اور عمرے کے انتظامات کے سلسلے میں انتظار کریں‘-
سعودی نیوز چینل الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر حج نے اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب عازمین حج کے استقبال اور انہیں جملہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے- تاہم سعودی عرب کی پہلی ترجیح حجاج کرام کی سلامتی ہے‘-

وطن  واپس نہ جاسکنے والے 1200 عمرہ زائرین کی میزبانی کر رے ہیں-(فوٹو عاجل)

وزیر حج نے یہ مزید کہا کہ سعودی عرب پروازوں پر پابندی کے باعث وطن  واپس نہ جاسکنے والے 1200 عمرہ زائرین کی میزبانی کررہا ہے-
ڈاکٹر صالح بنتن نے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہوکر سعودی نیوز چینل سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ ’ایسے تمام عمرہ زائرین کو ان کے پیسے واپس کردیے ہیں جنہوں نے عمرہ ویزا حاصل کرلیا تھا لیکن عمرہ نہیں کرسکے تھے‘-
وزیر حج کے مطابق عمرہ بکنگ کرانے والوں کی تمام رقمیں واپس کردی گئیں- یہ سارا کام آن لائن انجام دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں جدید ٹیکنالوجی کی بدولت حج، صحت اور داخلہ کی وزارتوں نے یگانگت پیدا کرکے یہ کام انجام دیا ہے- تمام ادارے حج اور عمرہ زائرین سے متعلق انفارمیشن ڈیٹا سے منسلک ہیں-

شیئر: