حج وعمرہ سیزن کے دوران خدمات، جامعہ ام القری میں فورم کا آغاز
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی زیرنگرانی سیزنل پروفیشنز فورم کا آغاز جامعہ ام القری کے کنگ سعود ہال میں ہوا ہے۔
فورم میں حج وعمرہ سیزن کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے فورم میں مختلف نکات پرغور کیا جائے گا۔ وزارت افرادی قوت بھی شریک ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حج وعمرہ نے کہا ’سیزنل پروفیشنز فورم کا مقصد زائرین خدمت کے لیے متعین افراد کی قابلیت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے منظم انداز میں ضیوف الرحمان کی خدمت کریں۔‘
تقریب میں وزارت حج وعمرہ نے المعرفہ وقف اور صلۃ کمپنی کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے جس کے تحت کمپنی کے دائرہ کار کو وسیع کرنا اور رہنمائی ومعاون کے لیے تربیتی پروگرام مرتب کرنا ہیں جو سیزنل ورکرز کے لیے اہم ہوں گے۔
علاوہ ازیں حکومتی، نجی و غیرمنافع بخش اداروں کے درمیان رابطوں کو بڑھانا ہے۔

واضح رہے ’سیزنل پروفیشنز‘ فورم ایک قومی رہنمائی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کےلیے تریبتی کورسزکا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مختلف شعبوں کے تحت ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
فورم میں سیزنل پروفیشن کے حوالے سے مختلف زمرے متعین کیے گئے ہیں جن آپریشنز، سروسز، منیجمنٹ اور دیگر شعبے شامل ہیں جبکہ 22 سے زیادہ اداروں کے نمائندے شرکت کررہےہیں۔
فورم میں 30 کے قریب ورکشاپس ہوں گی جبکہ شرکا کی تعداد 25 ہزارسے زیادہ ہے۔
