Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں سینیٹری ورکر کا پھولوں کی پتیوں اور تالیوں سے استقبال

کورونا سے فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو شہری خراج تحسین پیش کر رہے ہیں (فائل فوٹو سوشل میڈیا)
انڈیا کی ریاست پنجاب میں لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں نے سینیٹری ورکر کو پھولوں کی پتیوں اور تالیوں سے خراج تحسین پیش کیا۔ 
ریاست پنجاب کے شہر نابھا کے رہائشیوں نے کورونا وائرس کے خدشے کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دینے پر سینیٹری ورکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے گھر کی چھت سے سینیٹری ورکر پر پھول برسائے۔
جب کورونا وائرس سے بچاؤ اور پھیلاؤ پر قابو پانے کا واحد موثر طریقہ خود کو گھروں تک محدود کرنے کا ہے تو ایسے وقت میں ڈیوٹی کے لیے گھر سے باہر نکلنا کچھ لوگوں کی مجبوری بھی ہے۔
شہروں کی صفائی پر مامور سینیٹری ورکرز کا شمار بھی انہی پیشہ ور افراد میں ہوتا ہے جو خطرے کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دیتے  ہوئے نظر آتے ہیں۔
انڈین پنجاب کے وزیراعلٰی امریندر سنگھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں نابھا کے رہائشی سینیٹری ورکر پر پھولوں کی پتیاں پھینک رہے ہیں اور ان کے لیے تالیاں بھی بجا رہے ہیں۔ 
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سینیٹری ورکر صفائی کی غرض سے علاقے میں داخل ہوتا ہے تو لوگ اپنے گھروں کی چھت سے اس پر پھول برساتے ہوئے استقبال کرتے ہیں جبکہ کچھ تالیاں بجا رہے ہیں۔
کچھ علاقہ مکین ورکر کو پھولوں کا ہار پہنا رہے ہیں اور کچھ  کندھے پر پیار سے تھپکی دے رہے ہیں۔
وزیر اعلٰی پنجاب نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کس طرح سے مشترکہ مصیبت کے وقت میں ہمارے اندر کی اچھائی باہر نکل آئی ہے۔ 
انڈیا میں بھی دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران انسانی ہمدردی کی بیشتر ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں۔ 

شیئر: