Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمارٹ میٹر کی تنصیب کورونا ختم ہونے تک ملتوی کرنے کا مطالبہ

’رہائیشوں کو پیغام مصول ہوا ہے کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے باعث ایک گھنٹے تک بجلی معطل رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ کے رہائشیوں نے بجلی کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا بحران ختم ہونے تک سمارٹ میٹر کی تنصیب معطل کر دی جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رہائشیوں نے کہا ہے کہ ’سمارٹ میٹر کی تنصیب کے حوالے سے کمپنی کی طرف سے انہیں ایس ایم ایس موصول ہوئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے باعث ایک گھنٹے تک بجلی معطل رہے گی‘۔
رہائشیوں نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ میں 24 گھنٹے کرفیو کے باعث وہ اپنے بچوں اور بزرگوں کے ساتھ گھر میں رہتے ہیں‘۔
رہائشیوں نے بتایا ہے کہ ’دن کے طویل گھنٹے گزارنے کے لیے گھر میں ہی تفریح کے علاوہ انٹرنیٹ کا استعمال کیا جارہا ہے‘۔
رہائشیوں نے کہا ہے کہ ’ ایک گھنٹے تک بجلی کا تعطل جہاں ایک طرف ان کے لیے مسائل پیدا کرے گا وہیں وہ گرمی سے بچنے کے لیے گھروں سے باہر بھی نہیں نکل سکتے‘۔

’ ایک گھنٹے تک بجلی کا تعطل جہاں مسائل پیدا کرے گا وہیں وہ گرمی سے بچنے کے لیے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے‘۔ ( فوٹو: سبق)

رہائشیوں نے کہا ہے کہ ’مناسب یہی ہے کہ نئے میٹروں کی تنصیب کا کام کورونا وائرس کا بحران ختم ہونے تک ملتوی کیا جائے‘۔
واضح رہے کہ سعودی بجلی کمپنی نے کہا تھا کہ وہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے پہلے مرحلے کا آغاز مارچ سے کرے گی۔
سب سے پہلے کم آمدنی والے گھروں سے شروعات ہوگی جبکہ اگلے مرحلے میں تجارتی مراکز، دکانوں، مارکیٹوں، فیکٹریوں، کارخانوں اور دفاتر میں سمارٹ میٹر لگائے جائیں گے۔
 

شیئر: