Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سگریٹس کی تلاش میں نکلے شہری کو جرمانہ

شہری فرانس سے پیدل سپین جاتے ہوئے راستہ بھول گیا (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس میں ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود سستے سگریٹ لینے کے لیے پہاڑی راستے سے سپین جانے کے لیے نکلا لیکن وہ بھٹک گیا اور اسے ہنگامی مدد کے لیے پولیس کو بلانا پڑا جس نے پہلے اس کی مدد کی مگر بعد میں اسے جرمانہ کر دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ آدمی پہلے سنیچر کو اپنی کار پر جنوبی فرانس کے علاقے پرپگنان سے سپین میں جان کیورا جانے کے لیے نکلا لیکن اسے راستے میں ایک چیک پوسٹ پر روک لیا گیا جس کے بعد اس نے پہاڑوں کے بیچ ایک راستے سے پیدل سفر کرنے کا فیصلہ کیا۔
پولیس کے مطابق ’وہ ندی میں گر گیا اور پھر راستہ بھولنے کے بعد ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے مدد طلب کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ’تھکن سے چُور اور سردی میں کانپتے‘ شخص کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اسے حفاظت کے ساتھ واپس لانے کے بعد لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 146 ڈالر جرمانہ کیا گیا۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے ٹویٹ کی کہ ’ہم آپ کو ایک بار پھر یاد دلا دیں کہ گھر پر رہنا ہے۔‘
جنوبی فرانس میں اکثر لوگ سستی اشیا کی خریداری کے لیے سپین کی سرحد پار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے سات ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ یہاں کورونا کے 90 ہزار سے زیادہ مریض ہیں۔

شیئر: