Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپر مون کی تصاویر اور صارفین کے تبصرے

یہ سپر مون سال کا سب سے بڑا چاند قرار دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بڑے اور روشن سپر مون یا گلابی چاند نے اپنا چہرہ کیا دکھایا، سوشل میڈیا باالخصوص ٹوئٹر نے اس کے جلووں کو موضوع گفتگو بنا کر ٹاپ ٹرینڈ بنا ڈالا۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور اطلاعات سے وابستہ اداروں نے دنیا کے مختلف حصوں میں دکھائی دینے والے سپر مون کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس سے متعلق اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔
فلم ساز جولی کوہن نے لکھا ’سپر مون کی تصاویر اس وقت باعث خوشی ہیں۔ اب بھی فطرت، خوبصورتی اور خدا ہیں‘۔

فیروز یوسف نامی صارف نے درخت پر کھلے پھولوں کے درمیان سے نظر آنے والے سپر مون کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا ’ایک دن میں دو خوبصورت مناظر، مجھے عشق ہو گیا ہے۔‘

میریٹا نامی صارف نے دوسرے سوشل میڈیا صارفین کو بھی مشورہ دیا کہ ’اگر وہ کورونا وائرس کے دوران گھر پر رہتے ہوئے کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں تو آسمان دیکھیں۔ جہاں گلابی سپر مون سال کا سب سے بڑا چاند ہو گا البتہ گلابی کم ہو گا۔‘

ٹام ہال نامی صارف نے استبول کے آسمان پر دکھائی دینے والے سپر مون کی ایک چھوٹی سی ویڈیو شیئر کی۔ 
منگل کی رات کو دکھائی دینے والے سپر مون کی خاص بات یہ تھی کہ یہ سال کا سب سے بڑا چاند قرار دیا گیا ہے۔

سپر مون کیا ہے؟

ماہرین فلکیات کے مطابق چاند جب زمین سے قریب ترین ہوتا ہے تو اس وقت اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ رات کے اوقات میں یہ چاند معمول سے کہیں بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
اپریل میں دکھائی دینے والا سپر مون چونکہ رواں برس دیکھے جا سکنے والے دیگر سپر مونز کے مقابلے میں زمین سے زیادہ قریب تھا اس لیے اسے سال کا سب سے بڑا چاند قرار دیا گیا۔

دنیا کے مختلف حصوں میں رات 10 بجے سے لے کر بدھ کی صبح تک دکھائی دینے والا چاند کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن یا خوداختیاری قرنطینہ میں موجود افراد کے لیے معمول سے ہٹ کر ملنے والی ایک سرگرمی رہا جس کا اظہار مختف افراد نے اپنی سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر بھی کیا۔
بہار کی ابتدا کے موقع پر دکھائی دینے والا اپریل کا سپر مون ’گلابی چاند‘ کے علاوہ ’گراس مون‘ یا ’ایگ مون‘ کے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے، کیونکہ اسے بہار کی ابتدائی علامات میں شمار کیا جاتا ہے۔

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق یہ چاند گلابی کے بجائے سنہری دکھائی دیتا ہے۔ یہ ہمارے ماحولیاتی اثرات کی وجہ سے ہوتا ہے۔ بالکل یہی معاملہ سورج کے ساتھ بھی ہوتا ہے جو طلوع ہونے کے بعد معمول سے کہیں زیادہ سرخ دکھائی دیتا ہے۔
عام طور پر ہر سال 12 مہینوں کے دوران فی ماہ ایک چاند کے تناسب سے 12 پورے چاند ہوتے ہیں تاکہ اکتوبر 2020 کے دوران دو پورے چاند ہوں گے، پہلا یکم اکتوبر کو اور دوسرا 31 اکتوبر کو دکھائی دے گا۔
ایک ہی مہینے میں دو پورے چاند دکھائی دینے کو ’بلیو مون‘ کہا جاتا ہے۔ 

فلکیاتی ماہرین کے مطابق رواں برس چار سپر مون دکھائی دکھائی دیں گے۔ آئندہ سپر مون سات مئی کو دیکھا جا سکے گا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: