Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرض نادہندگان کی فوری رہائی کا شاہی حکم

بعض عدالتی فیصلوں اور احکامات پر عملدرآمد معطل کر دیا گیا(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت بعض عدالتی فیصلوں اور احکامات پر عملدرآمد معطل کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  نجی حقوق کے سلسلے میں ایسےقرض نادہندگان کو عارضی طور پر فوری رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے جنہیں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے حراست میں رکھا گیا تھاـ
اسی طرح اُن عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جن میں بچوں کی اپنے علیحدہ ہو جانے والے والدین میں سے کسی ایک سے ملاقات کو ممکن بنایا گیا تھا۔

شاہی فرمان اور انسان دوست جذبے پر شکریہ کیا گیا ہے(فوٹو سوشل میڈیا)

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مطلوب تمام تر احتیاطی اقدامات مکمل ہونے کے متعلقہ کمیٹی کی جانب سے اعلان تک معطل رہے گا۔
سعودی وزیر انصاف اور عدلیہ کی سپریم کونسل کے سربراہ شیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی نے اس انسان دوست جذبے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز  اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی نے  ایک بیان میں کہا ہے کہ اس شاہی فرمان سے ثابت ہوتا ہے کہ مملکت میں اولین ترجیح صحت عامہ کو دی جاتی ہے۔ ان احکامات پر فوری طور پر عملدرآمد کرتے ہوئے جیل حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام ضروری کارووائی مکمل کریں۔
 شاہی فرمان کا اطلاق سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں دونوں پر ہو گا۔

شیئر: