Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں لاک ڈاؤن میں توسیع، خلاف ورزی پر مزدور گرفتار

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 80 مہاجر مزدوروں کو حراست میں لیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انڈین حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کر دی جائے گی۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی ملک کی مختلف ریاستوں کے 21 وزرا اعلیٰ سے ویڈیو کانفرنس کے بعد دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیجریوال نے یہ نہیں بتایا کہ لاک ڈاؤن میں کتنی توسیع کی جا رہی ہے تاہم انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق حکومت نے دو ہفتوں کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی کے وزیراعلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے درست فیصلہ کیا ہے۔ 
اروند کیجریوال نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ 'متعدد ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں آج انڈیا کی پوزیشن بہتر ہے کیونکہ ہم نے جلد ہی لاک ڈاؤن شروع کر دیا تھا۔ اگر اب اسے روک دیا گیا تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
قبل ازیں انڈین حکومت نے 21 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا مگر یہ منگل کو ختم ہو رہا ہے۔
انڈیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مستقل اضافہ نظر آرہا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق متاثرین کی تعداد بڑھ کر سات ہزار 744 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد تقریبا 240 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1053 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ اضافہ ہے جبکہ ایک دن میں تقریبا 40 افراد اس بیماری سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں 1500 سے زیادہ کیسز ہیں اور سب سے زیادہ اموات بھی وہیں ہو رہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت دہلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا پونے دو سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور وہاں اب متاثرین کی تعداد 900 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب مشرقی ریاست اڑیسہ کے بعد مغربی ریاست پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن کے مدت میں اضافہ کرتے ہوئے اس میں یکم مئی تک توسیع کر دی ہے۔  

پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن میں یکم مئی تک توسیع کر دی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

مودی سے ویڈیو کانفرنس سے قبل دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
امریندر سنگھ نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ انھوں نے وزیراعظم سے کورونا کے ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ماہر سماجیات اور سیاست میں سرگرم رہنے والے رہنما یوگیندر یادو کا کہنا ہے کہ انڈیا کی معیشت پر نظر رکھنے والے ادارے سی ایم آئی ای نے پہلی بار یہ کہا ہے کہ کورونا کی وبا سے قبل ہی ملک میں بے روزگاری گذشتہ 45 سال میں اپنی بلند ترین سطح پر تھی۔

'کورونا کی وبا سے قبل ہی ملک میں بے روزگاری گذشتہ 45 سال میں اپنی بلند ترین سطح پر تھی' (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق جو بے روزگاری پہلے آٹھ فیصد تھی وہ اب بڑھ 23 فیصد ہو چکی ہے۔ پہلے تقریبا چار کروڑ لوگ بے روزگار تھے لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر 16 کروڑ ہو گئی ہے جس س سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کتنے مزید لوگ اس کی زد میں ہوں گے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے مزدوروں میں بیزاری نظر آنے لگی ہے۔
مغربی ریاست گجرات کے معروف شہر سورت میں پھنسے مزدور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے ریڑھیوں کو آگ لگا دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ 80 مہاجر مزدوروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر مزدور مشرقی ریاست اڑیسہ کے رہائشی ہیں۔

شیئر: