Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب کی پاکستان انڈیا سیریز کی تجویز

شعیب اختر کے مطابق سیریز سے بہت زیادہ فنڈز اکٹھے ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)
دنیائے کرکٹ کے سابق تیز ترین بولر شعیب اختر نے کورونا وائرس کے خلاف فنڈ ریزنگ کے لیے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے بدھ شعیب اختر کے حوالے سے کہا ہے کہ 'پہلی مرتبہ دونوں ممالک میں سے کسی بھی ملک کے شائقین کرکٹ میچز کے نتائج سے ناراض نہیں ہوں گے۔ اگر ویراٹ کوہلی سنچری کریں گے تو ہم خوش ہوں گے اور اگر بابر اعظم 100 رنز بناتے ہیں تو انڈیا والوں کو خوش ہونا چاہیے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس بات سے قطع نظر کہ گراؤنڈ میں کیا ہوا ہے، دونوں ٹیمیں اس سیریز کی فاتح ہوں گی۔'  
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ 'کرکٹ شائقین کی بہت بڑی تعداد ان میچز کو دیکھی گی اور ان سے جتنی بھی آمدنی ہو اسے دونوں ممالک میں برابر تقسیم کر دیا جائے۔'
دونوں ممالک نے خراب سفارتی تعلقات کی وجہ سے 2007 کے بعد سے کوئی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی۔
خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ شعیب اختر نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی تجویز پر عمل درآمد کیسے ہوگا۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ 'اس وقت دونوں ممالک لاک ڈاؤن میں ہیں اور جب چیزیں بہتر ہوں گی تو اسی وقت ان میچز کا انعقاد ممکن ہو گا اور انہیں توقع ہے کہ جلد ہی ایسا ممکن ہو سکے گا۔'
'اس وقت ہر شخص گھر پر بیٹھا ہوا ہے اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد یہ میچز دیکھے گی، شاید ابھی نہیں لیکن جب چیزیں بہتری کی جانب گامزن ہوں گی، اس طرح کے میچز دبئی جیسے کسی نیوٹرل وینیو پر منعقد کیے جا سکتے ہیں۔'

شعیب اختر کے مطابق شئقین کی بڑی تعداد سیریز کو دیکھے گی (فوٹو: اے ایف پی)

'اس فنڈ ریزنگ سیریز کے لیے چارٹرڈ طیاروں کا انتظام کر کے میچز کا انعقاد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔'
شعیب اختر نے کہا کہ 'ان میچز سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ کرکٹ سیریز کا آغاز ہو سکتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔'
'پوری دنیا پاکستان اور انڈیا کی سیریز کی طرف متوجہ ہو سکتی ہے اور کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے اس سے بہت بڑی فنڈ ریزنگ بھی کی جا سکتی ہے۔ مشکل وقت میں ہی قوموں کا کردار سامنے آتا ہے۔'

شعیب اختر کہتے ہیں کہ ان میچز کے نتائج سے شائقین ناراض نہیں ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)

شعیب اختر کا کہنا ہے کہ 'اس مشکل وقت میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔'
'اگر انڈیا ہمارے لیے 10 ہزار وینٹی لیٹرز کا انتظام کرتا ہے تو پاکستان اس جذبے کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ یہ ممالک یا مذاہب کا نہیں انسانیت کا معاملہ ہے۔'

شیئر: