Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں جاری کرفیو میں تا حکم ثانی توسیع

اکیس دن کے کرفیوکی مدت ختم ہونے سے پہلے یہ حکم جاری کیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے مملکت بھرمیں جاری کرفیو میں تا حکم ثانی توسیع کا حکم دیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نےایک بیان میں بتایا کہ شاہ سلمان نے اکیس دن کے لیے لگائے جانے والے کرفیوکی مدت ختم ہونے سے پہلے یہ حکم جاری کیا ہے۔
 شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے پیر 23 مارچ کو کرفیو لگانے کا حکم دیا تھا جس کی مدت ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ختم ہورہی تھی۔
بیان کےمطابق کرفیو میں توسیع کےاقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اورسلامتی کی خاطر پیر 23 مارچ کی شام سے 21 دن کے لیے مملکت بھر میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
 شاہی فرمان میں کہا گیا تھا کہ ’کرفیو روزانہ  شام سات سے صبح چھ  بجے تک 21 دن جاری رہے گا۔

اقدام کا مقصدکورونا وائرس کے پھیلاو روکنا ہے۔(فوٹو اے ایف پی)

شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ان کے اپنے تحفظ کے لیے کرفیو کے اوقات کے دوران اپنے گھروں میں رہنے کے لیے کہا گیا تھا۔
  بعدازاں پیر چھ اپریل کو محکمہ صحت کے حکام کی سفارش پر کئی شہروں میں تا حکم  ثانی کرفیو 24  گھنٹے کرنے کااعلان کیا گیا تھا۔
ریاض، دمام، تبوک، ظہران اور ہفوف، جدہ، طائف القطیف اور الخبر کمشنریوں میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا کر24 گھنٹےکردیا گیا تھا-
ان شہروں میں آمد ورفت بھی مستقل بنیادوں پر منع کردی گئی- 
 واضح رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا مزید 382 مریضوں کی تصدیق ہونے کے بعد او ونا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 4033 ہوچکی ہے۔

شیئر: