Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 امارات: نجی سکولوں کے بیشتر اساتذہ فارغ

بیشتر اساتذہ کو مارچ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
ابوظبی کے نجی سکولوں کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ مارچ کی تنخواہ نہیں دی گئی جبکہ سکولوں نے تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا ہے اور اساتذہ، دفتری کارکنان اور امدادی عملے کی چھٹی بھی کر دی ہے-
’الامارات الیوم‘ کے مطابق ایک نجی سکول میں اسلامی عرب علوم کے استاد احمد المغازی نے بتایا کہ سکول نے بجٹ کو کم کرنے کے لیے مجھ سمیت 4 اساتذہ کو سبکدوش کردیا ہے جبکہ دیگر اساتذہ کی تنخواہ پچاس فیصد تک کم کردی ہے-

اساتذہ کی تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا گیا (فوٹو، سوشل میڈیا)

نجوی حسین، شیریں فہیم، نعیمہ اور دیگر نے دعوی کیا کہ نجی سکولوں نے مارچ کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی اور بعض اساتذہ کو یہ کہا گیا ہے کہ انہیں بلا تنخواہ چھٹی دے دی گئی ہے-
 متعدد اساتذہ کو بیسک سیلری ہی دی گئی ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا  کہ اپریل کی تنخواہ مزید کم دی جائے گی-
کمپیوٹر و آرٹ کی خواتین اساتذہ نے بتایا کہ وہ جن سکولوں میں کام کر رہی ہیں ان کے منتظمین نے کئی اساتذہ کو سبکدوش کر دیا-
 سکولوں نے یہ فیصلہ یہ کہہ کر کیا کہ آن لائن تعلیم کی صورت میں سکول کا بجٹ کم ہوگا اور ایسی صورت میں ان کی موجودگی سکول کے بجٹ پر بوجھ بنے گی-
نجی سکولوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ 70 فیصد سے زیادہ طلبہ نے تعلیم کے تیسرے سیشن کی فیس نہیں دی جبکہ بیشتر نے فیس کی معافی یا التوا کی درخواستیں دی ہیں۔ سکول موجودہ حالات میں کسی کو فیس کی ادائیگی کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا-
منتظمین نے توجہ دلائی کہ تنخواہ میں کمی کا فیصلہ سینیئر ٹیچر کے توسط سے اساتذہ کی مرضی لے کر کیا جارہا ہے-

سکولوں کی انتظامیہ آن لائن تعلیم کی وجہ سے بجٹ میں کمی کرنا چاہتی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

متحدہ عرب امارات کے محکمہ تعلیم نے نجی سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اساتذہ کو سبکدوش نہ کریں اور نہ ہی ان کی تنخواہیں کم کریں- کورونا بحران ختم ہونے کے بعد تجربہ کار اساتذہ کا حصول مشکل ہوجائے گا-

شیئر: