Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں نفرت انگیز تقریر پر صحافی گرفتار

پراسیکیوشن جنرل کے ترجمانکےمطابق تمام سوشل میڈیا صارفین اماراتی قوانین کا خیال رکھیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات کے فیڈرل پراسکیوشن جنرل نے ایک اماراتی صحافی کو تحقیقاتی ریمانڈ پر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کا کہنا ہے کہ پراسکیوشن جنرل کے ذیلی ادارے سائبر سکیورٹی کی جانب سے اماراتی شہری کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپ لوڈ ہونے والی ویڈیو جس میں امارات میں مقیم جنوبی ایشیائی باشندوں کے حوالے سے نفرت انگیز تقریر کی گئی تھی پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا حکم صادر کر دیا گیا۔ 
پراسکیوشن جنرل کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’مذکورہ صحافی کی گرفتاری کے احکامات جاری ہوتے ہی ان پر عمل کرتے ہوئے انہیں تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا تھا جہاں ان پر عائد الزامات کی چارج شیٹ بھی پیش کی گئی۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ تمام سوشل میڈیا صارفین اماراتی قوانین کا خیال رکھیں اور خود کو ایسے امور میں ملوث نہ کریں جو قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں۔
ان کے مطابق مقامی قوانین سب کے لیے برابر ہیں جن میں کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ کسی کے مذہب، قومیت یا زبان کے حوالے سے توہین آمیز خیالات کو رائج کرنے کی کوشش کرے، ایسا کرنے والے قانون شکن تصور کیے جاتے ہیں اور ان کے خلاف مقررہ قوانین کے مطابق عمل کیا جاتا ہے۔

شیئر: