Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 465 نئے کیسز

ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار سو 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث آٹھ ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 143 ہو گئی ہے۔
ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 465 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کل کیسز کی تعداد سات ہزار 481 ہوگئی ہے اور اب تک ایک ہزار 832  افراد اس وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 
پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز یعنی تین ہزار تین سو 91 پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے بعد سندھ سے دو ہزار دو سو 17، خیبر پختونخوا سے ایک ہزار 77، بلوچستان سے تین سو 35, گلگت بلتستان سے 250، اسلام آباد سے ایک سو 63 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے 48 کیسز سامنے آئے ہیں۔
عالمی وبا سے پاکستان میں زیادہ ہلاکتیں اب تک خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 50 ہے، سندھ سے 47، پنجاب سے 37, بلاچستان سے پانچ، گلگت بلتستان سے تین اور اسلام آباد سے ایک ہلاکت رپورٹ ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس کے مزید پھیلاو کو روکنے کے لیے ملک میں مختلف اقدامات لیے جا رہے ہیں، جن میں کئی شہروں کے وبا سے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنا شامل ہے۔
جمعے کو پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ پنجاب کے 50 سے علاقوں کو مکمل طور پر سیل کیا گیا۔
وزیر صحت کے مطابق یہ ایسے علاقے ہیں جہاں وبا پر کنٹرول پانے تک نہ تو کوئی جا سکتا ہے اور نہ ہی وہاں سے کسی کو باہر آنے کی اجازت ہے۔
مقامی میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں اس لیے لاہور ایپی سینٹر (وبا کا مرکز) ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر راولپنڈی اور تیسرے نمبر پر گجرات ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کے ارد گرد کورونا وائرس کی سب سے زیادہ موجودگی ہے اور اس کی بڑی وجہ ان علاقوں میں بیرون ملک سے آنے والے افراد ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: