Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: لیڈی ہیلتھ ورکرز فرنٹ لائن پر

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ڈاکڑز اور طبی عملے کا ہے۔ کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود گھر گھر جا کر لیڈی ہیلتھ ورکرز لوگوں کو آگاہی  فراہم کر رہی ہیں تا کہ اس وبا پر قابو پایا جاسکے۔
اسلام آباد کے ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ 'اب تک لیڈی ہیلتھ ورکز نے 40 ہزار سے زائد گھروں کو وزٹ کیا ہے، اس وقت 300 سو سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کر رہی ہیں جو کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جاتی ہیں اور لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز دیہی اور شہری علاقوں میں مختلف طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ شہری علاقوں میں موبائل فون اور ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت لوگوں کو آگاہی دی جا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر لیکچرز دیے جا رہے ہیں۔
لوگ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کتنا تعاون کر رہے ہیں اس حوالے سے زعیم ضیاء کا کہنا تھا کہ لوگوں کا لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ رویہ قابل تحسین ہے جس کی وجہ سے مشکل پیش نہیں آرہی۔

رفعت ناز نے بتایا کہ وہ لوگوں کو بار بار 20 سکینڈ کے لیے ہاتھ دھونے کا کہہ رہی ہیں (فوٹو:اردو نیوز)

انھوں نے بتایا کہ اس وقت اسلام آباد کا صرف ترامڑی علاقہ سیل ہے۔ سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے علاقوں سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
اس وبا کی سنگینی سے لوگ کتنے باخبر ہیں اس کا اندازہ لیڈی ہیلتھ ورکر کی سربراہ بلقیس عالم کی اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 'اس آپریشن کے دوران عوام کی جانب سے ان کے لیکچرز کو نا صرف سنا گیا بلکہ اُن پر عمل بھی کیا جا رہا ہے۔'
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 'ایسے وقت میں جب عوام گھروں تک محدود ہیں انہیں اس بات کا خوف تھا کہ کہیں کچھ  لوگ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بات ہی نہ سنیں مگر ایسا کچھ نہیں ہوا۔'
بلقیس عالم کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کے بعد سے اسلام آباد بھر میں گھر گھر جا کر لوگوں کو کورونا سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔
ہر سال اسی دوران ڈسرکٹ ہیتلھ آفس کی جانب سے اسلام آباد شہر میں ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم چلائی جاتی ہے مگر اس سال ڈینگی کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ کی بھی مہم چلائی جا رہی ہے۔

لیڈ ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر کورونا سے متعلق معلومات فراہم کر رہی ہیں (فوٹو:اردو نیوز)

لیڈی ہیلتھ ورکر کی سربراہ رفعت  ناز سے جب پوچھا گیا کہ وہ لوگوں کو کس طرح آگاہی دے رہی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ  'وہ  لوگوں کے گھروں میں جا کر انہیں بار بار 20 سکینڈ کے لیے ہاتھ دھونے، غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے اور گھروں میں مناسب فاصلہ رکھنے  کے بارے میں بتا رہی ہیں۔'
رفعت ناز کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف لڑنا ہو یا پھر کورونا سے خلاف جنگ ہو، وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گی۔

شیئر: