کوئٹہ میں کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی مہم چلانے والے معروف سماجی کارکن ضیاء خان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی مہم کے علاوہ غریبوں کے لیے راشن اور مفت روٹی کی تقسیم اور دیگر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے تھے۔
مزید پڑھیں
-
ڈاکٹر اسامہ: ’ہم آپ کو دیکھتے ہیں، آپ کی قدر کرتے ہیں‘Node ID: 466736
-
کورونا کے خلاف جنگ کے ’پاکستانی ہیروز‘Node ID: 470601
-
کورونا کے خلاف جنگ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز فرنٹ لائن پرNode ID: 472371
ضیاء خان کے قریبی ساتھی جہانگیر خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ'ضیاء خان وزیراعلیٰ کی ڈیلیوری یونٹ ،ڈپٹی کمشنر کی ٹیموں اور اپنی تنظیم کوئٹہ آن لائن کے رضا کاروں کے ہمراہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں فلاحی کام کر رہے تھے۔ '
اانہوں نے بتایا کہ 'گذشتہ روز ضیاء خان احتیاطی طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا تو وہ مثبت آیا جس کےبعد انہوں نے خود کو اپنے گھر میں علیحدہ کر لیا ہے۔'

ضیاء خان 'کوئٹہ آن لائن' کے نام سے ایک فلاحی تنظیم کے بانی ہیں اور وہ گذشتہ کئی سال سے صفائی، ماحولیاتی تبدیلی، ٹریفک قوانین پرعمل درآمد 'کے لیے مہم ، خون کے عطیات ، نادار اورغریبوں کی امداد جیسے فلاحی کاموں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
2010 میں انہوں نے 'کوئٹہ آن لائن' کی بنیاد رکھی تھی اور سوشل میڈیا کے ذریعے سینکڑوں رضاکروں کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
جہانگیر خان نے بتایا کہ پولیو کا شکار ہونے کے باوجود ضیاء خان معاشرے کے ایک فعال فرد کے طور پر کام کر رہے تھے ، انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال میں بھی گھر بیٹھنے کے بجائے اپنی جان خطرے میں ڈال کر غریبوں کی مدد کو ترجیح دی۔
'آن لائن چندہ مہم چلاکر سینکڑوں خاندانوں کے لیے راشن کا بندوبست کیا۔ مفت روٹی کی تقسیم میں بھی وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔ '
