Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ٹیسٹ کے لیے وزیراعظم کا سیمپل لے لیا گیا، ڈاکٹر فیصل

فیصل ایدھی کے صاحبزادے سمیت قریبی افراد کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے وزیراعظم کا سیمپل لے لیا گیا ہے اور ٹیسٹ کے نتائج آنے میں کچھ وقت لگے گا۔
قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم کو بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم کو تجویز کیا ہے کہ وہ اپنا کورونا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔' 
ڈاکٹر فیصل سلطان کا مزید کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کا پابند بنایا جاتا ہے۔ خود وزیراعظم بھی احتیاط کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کو ہینڈ سینی ٹائزر استعمال کرنے کے بعد ہی ملاقات کے لیے بھیجا جاتا ہے۔' 
پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے صاحبزادے سمیت قریبی افراد کے ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔  
فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں صرف وزیراعظم عمران خان سے ہی ملاقات نہیں کی تھی بلکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے مختلف مراکز کے ذمہ داران، سٹاف، میڈیا نمائندگان اور دیگر افراد سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔ 
ان کے صاحبزادے سعد ایدھی کے مطابق 'گذشتہ روز فیصل ایدھی کو بخار اور سر درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کرایا گیا۔ ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ آئی جس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان سے ملنے والے افراد میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ایدھی ہوم کے انچارج انچارج شکیل احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'قومی ادارہ صحت کی ٹیم نے فیصل ایدھی کے صاحبزادے سمیت چار قریبی افراد کے ٹیسٹ لیے جن کی رپورٹ بدھ کو آئے گی۔ ابھی تک کسی بھی دوسرے فرد میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، تاہم تمام افراد قرنطینہ میں ہیں اور کسی سے بھی نہیں مل رہے۔' 
ان کے بقول 'فیصل ایدھی نے کسی بھی فرد سے ہاتھ نہیں ملایا بلکہ تمام تر وقت وہ مکمل احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کے اصولوں پر کاربند رہے۔ اگر باقی چار لوگوں میں سے کسی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس کے بعد ایدھی ہوم کے باقی افراد کے بھی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔' 
دوسری جانب ایدھی ہوم میں فیصل ایدھی کا انٹرویو کرنے والی ٹوئنٹی فور نیوز کی خاتون رپورٹر کو چینل انتظامیہ نے چھٹی دے کر گھر بھیج دیا ہے۔

فیصل ایدھی نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی (فوٹو: پی ایم آفس)

اردو نیوز سے گفتگو میں خاتون رپورٹر نے کہا کہ 'میں روزانہ ہسپتال بھی جاتی ہوں، آئسولیشن وارڈ کے اندر جا کر بھی رپورٹ کرتی رہی ہوں لیکن کبھی کورونا کا خوف محسوس نہیں ہوا۔ آج جب دفتر نے فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کا بتایا تو دفتر پہنچنے تک محسوس ہو رہا تھا کہ ہر چیز مجھ سے دور ہو رہی ہے۔' 
'دفتر پہنچنے پر مجھے نیا ماسک دیا گیا، میرے اوپر جراثیم کش سپرے کیا گیا۔ میری میز کو ڈس انفیکٹ کیا گیا اور میری کرسی دور لگا دی گئی۔ ایک ہی لمحے میں دفتر میں خود کو اجنبی اور اچھوت محسوس کرنے لگی۔' 
انھوں نے کہا کہ 'میں شدید خوفزدہ ہوگئی تھی۔ میری فیملی سندھ میں ہے اور مجھے ڈر تھا کہ کہیں ان کو معلوم نہ ہوجائے۔ مجھے پر کپکپی طاری ہونے لگی تاہم مجھے معلوم ہے کہ کچھ نہیں ہونے والا سب ٹھیک ہی رہے گا۔' 

ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیراعظم احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہیں (فوٹو: پی ایم آفس)

نیوز ون چینل کے ایک رپورٹر بھی ایدھی ہوم میں فیصل ایدھی سے ملے تھے بلکہ ان کے بقول  'میری ملاقات فیصل ایدھی سے کم ان کے بیٹے سعد ایدھی سے زیادہ رہی۔ ہم ایک گھنٹہ بیٹھ کر بات چیت کرتے رہے۔ دفتر نے اطلاع دی تو خود سے زیادہ فیصل ایدھی کی پریشانی ہوئی کہ اس وقت لاک ڈاؤن کی صورت حال میں قوم کو ان کی زیادہ ضرورت ہے۔' 
انھوں نے کہا کہ 'دفتر نے طبیعت کا پوچھا تو میں نے ان کو بتایا کہ میں بالکل ٹھیک اور کام کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔ والدہ کو بتایا تو انھوں نے پندرہ بیس منٹ تک بھاپ دی۔ اپنا ماسک نہیں اتار رہا اور دفتر آ کر بھی محتاط ہوں۔'
قومی ادارہ صحت نے فیصل ایدھی کے ساتھ محدود رابطے میں آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'ٹیسٹ صرف اسی صورت میں کیا جائے گا جب کسی میں علامات ظاہر ہوں گی۔'

فیصل ایدھی کے قریبی لوگوں کو قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

فیصل ایدھی نے وزیر اعظم عمران خان کو  چند روز قبل اسلام آباد میں ایک ملاقات کے دوران کورونا ریلیف فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا۔ اس ملاقات کی جو تصویر سامنے آئی تھی اس میں وزیر اعظم اور فیصل ایدھی دونوں نے ماسک اور دستانے نہیں پہنے ہوئے تھے۔

شیئر: