Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق

پاکستان میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 192 ہو چکی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
منگل کو فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے اردو نیوز کے نامہ نگار بشیر چوہدری سے گفتگو کرتے تصدیق کی کہ ان کے والد نے اسلام آباد کے نجی ہسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
سعد ایدھی نے بتایا ہے کہ ان کے والد نے خود کو قرنطینہ کیا ہے اور ان کی صحت تسلی بخش ہے۔
واضح رہے کہ فیصل ایدھی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ ہفتے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی تھی اور ان کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔
اس ملاقات میں فیصل ایدھی کے ہمراہ ملک کے دو بڑے صنعت کار بھی تھے۔ فیصل ایدھی نے بعد ازاں اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بھی سٹوڈیو جا کر شرکت کی تھی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 192 تک پہنچ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 796 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا ہے کہ کیا اب وزیراعظم عمران خان بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے؟۔
صارفین نے یہ بھی پوچھا ہے کہ وزیراعظم نے فیصل ایدھی سے ملاقات کے بعد کن اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کی جو ملک کی سکیورٹی سے متعلق ہیں۔ 
آمنہ جبین نامی ایک صارف نے لکھا ’چند روز قبل وہ وزیراعظم سے مل کر انہیں چیک دے چکے ہیں۔ اب ان سب کو کم از کم 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا چاہیے۔‘ 

متعدد صارفین نے یکے بعد دیگرے فیصل ایدھی کے کورنا وائرس کا شکار ہونے اور وزیراعظم سے ملاقات کا حوالہ دیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو اس عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے رہے۔
ثنا جمال نے لکھا ’اگر ہر ایک یہ اطلاع دے چکا ہے تو کیا اب ہم ان کی اور ہر ایک جو کورونا کا شکار ہوا ہے اس کی صحت کی دعا کر سکتے ہیں۔

فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع سامنے آئی تو ان سے متعلق گفتگو کی کثرت کے باعث ان کا نام ٹوئٹر ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔

شیئر: