Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا پیسے کم پڑ گئے جو آپ نے بھی یوٹیوب چینل بنا لیا؟‘

کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بیشتر اداکار اور اداکارائیں گھروں سے یوٹیوب چینل چلا رہے ہیں جن میں دن بدن اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے۔ اپنا یوٹیوب چینل چلانے والوں کی فہرست میں اداکارہ عائشہ عمر، فیصل قریشی اور اقرا عزیز کے بعد اب صبا قمر بھی شامل ہوگئی ہیں۔
صبا قمر نے یوٹیوب چینل کا آغاز تو کیا ہے مگر وہ اس چینل پر دیگر اداکاروں کی طرح اپنے گھر یا روزمرہ کی زندگی کے حوالے سے بات نہیں کر رہیں بلکہ ان کا انداز سب سے منفرد ہے۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پہلی قسط کا لنک شئیر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ 'آئسولیشن بائے صبا قمر کی پہلی قسط آگئی ہے، میرے چینل کو سبسکرائب کرنا مت بھولیے گا اور اپنی رائے سے بھی آگاہ کیجیے گا۔'

سوشل میڈیا صارفین نے ان کی اس منفرد کاوش کو سراہا بھی جبکہ تنقید کرنے والے بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
ٹوئٹر صارف صادیہ نین نے لکھا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے۔

ٹوئٹر صارف جمشید بشیر نے لکھا کہ 'مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو اس چینل کی ضرورت بھی تھی وہ بھی اس وقت میں جب سٹارز گھروں میں آرام کر رہے ہیں۔ شاید پیسے کم پڑ گئے ہیں جس کی وجہ سے آپ کو بھی چینل کی ضرورت پڑ گئی ہے۔'

صبا قمر نے ’آئسولیشن بائے صبا قمر‘ کے عنوان سے اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی قسط اپ لوڈ کی جسے انہوں نے خود لکھا ہے۔
اس قسط میں انہوں نے بتایا ہے کہ 'ہم سب لاک ڈاؤن میں ساتھ ہیں آئسولیشن آسان بالکل نہیں ہے بلکہ ہر انسان کو دوسرے انسان کی ضرورت ہے۔'
پڑوسی ملک انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے بھی اداکارہ صبا قمر کی اس کاوش کی تعریف کی جا رہی ہے۔
مقبول گلوکار گرو رندھاوا نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صبا قمر کی اس کاوش کی تعریف کی ہے جس کے جواب میں اداکارہ نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شیئر: