Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: صنعتی علاقے کے سینکڑوں کارکنوں کا ’کورونا‘ ٹیسٹ

وزارت صحت کی جانب سے لیبر کیمپوں کی معائنہ مہم جاری ہے (فوٹو: سبق)
ادارہ امور صحت کی جانب سے ریاض کے صنعتی علاقے کے سینکڑوں کارکنوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔ میڈیکل سکیننگ کے لیے ادارہ صحت نے مختلف ممالک کے ترجمانوں کی خدمات بھی حاصل کیں جو کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے کارکنوں کی رہنمائی کرتے رہے۔
امور صحت کی ٹیموں نے کارکنوں کا طبی معائنہ کرنے کے لیے وسیع میدان میں خصوصی بندوبست کیا تھا۔ مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریاض کے صنعتی علاقے میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں میں ’کورونا وائرس‘ کا ٹیسٹ کرنے کے لیے فیکٹری ایریا کے مخصوص گراؤنڈ کا انتخاب کیا گیا جہاں کارکنوں کو فاصلے پر بٹھایا گیا تھا۔

کارکنوں کو کورونا کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی گئیں (فوٹو: سبق نیوز)

وزارت صحت کی ٹیموں نے ’کووڈ 19 ‘ وائرس کے وبائی اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا۔
وہاں موجود مختلف زبانوں کے ماہرین کے ذریعے امور صحت کی ٹیموں نے کارکنوں کو سماجی فاصلہ رکھنے کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کر کے ہی بہتر طور پر کورونا سے بچا جا سکتا ہے اس لیے یہ لازمی ہے کہ کمپاونڈز میں رہنے والے کارکن خاص خیال رکھیں۔
میڈیکل ٹیسٹ کےلیے ادارہ امور صحت کی ٹیمیں صنعتی علاقوں کے علاوہ محتلف شہروں میں قائم لیبرکیمپوں کا بھی دورہ کر رہی ہیں جہاں رہنے والے کارکنوں کی سکیننگ کی جائے گی، ایسے افراد جن کے بارے میں کسی بھی قسم کا شک ہو انہیں فوری طورپر آئیسولیٹ کر دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے ملک کے تمام شہروں میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی کارکنوں کو ’کورونا وائرس‘ سے محفوظ رکھنے کے لیے طبی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کے تحت مختلف زبانوں میں مختصر وڈیو پیغامات کے علاوہ اہم نکات پر مشتمل احتیاطی تدابیر کے ہینڈبلز اور کتابچے بھی تیار کیے گئے ہیں جنہیں سوشل میڈیا پرشیئر کیا جا رہا ہےـ

سماجی رابطوں سے دوری کے ذریعے کورونا سے محفوظ رہنا ممکن ہے (فوٹو، سبق نیوز)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گھروں میں رہنا انتہائی اہم ہے، اس وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر حکومت نے پورے ملک میں کرفیو نافذ کیا ہے تاکہ لوگوں کو سماجی رابطہ سے دور ر کھا جا سکےـ

شیئر: