Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'عرفان خان ایک جادُو کی طرح تھے اور رہیں گے'

عرفان خان نے کئی ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا کے نامور اداکار عرفان خان کے انتقال پر جہاں بالی وڈ اور پاکستان کے اداکاروں نے غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وہیں ہالی وڈ سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹس نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں یاد کیا ہے۔
ہالی وڈ کی فلم 'دی امیزنگ سپائیڈرمین' جس میں عرفان خان نے ڈاکٹر راتھا کا کردار ادا کیا تھا، کے ہدایت کار مارک ویب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'عرفان خان اپنے رویے سے صاف ظاہر کرتے تھے کہ طاقت اور نرمی ایک ساتھ ایک شخص میں موجود ہو سکتی ہے۔'
عرفان خان کی فلم 'دا نیم سیک' اور 'لائف آف پائے' میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مارک ویب کا کہنا تھا کہ 'ان فلموں میں ان کا کام اعلیٰ صلاحیت کا مظاہرہ تھا۔ ۔۔۔میں ہمیشہ ان کا سرشار مداح رہوں گا۔۔۔'
امریکی اداکارہ منڈی کیلنگ نے عرفان خان کے لیے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ 'اس عمر میں ان کی موت نہایت غمناک بات ہے۔ وہ میرے پسندیدہ اداکار تھے۔ مجھے کسی ایسے (اداکار) کا نہیں معلوم جو مووی سٹار ہونے کے ساتھ ساتھ اتنا سوچ بچار کر کے پرفارم کرتا ہو۔۔۔' 
فلم 'جوریسک ورلڈ' میں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے والے امریکی اداکار کرس پریٹ نے عرفان خان کی موت پرے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 'وہ ایک اعلیٰ اداکار اور انسان تھے۔ انہیں یاد کیا جائے گا۔'
اس فلم کے ہدایت کار کولن ٹریورو لکھتے ہیں کہ 'عرفان خان وہ آدمی تھے جنہوں نے تکلیف میں ہونے کے باوجود اپنے گرد دنیا میں خوبصورتی تلاش کی۔'

جنوبی فریقہ کی اداکارہ لیزلی این برینڈت نے عرفان خان کی آنکھوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'ان میں بہت سی کہانیاں تھیں۔'

امریکی اداکار گیبریل ماکٹ لکھتے ہیں کہ وہ عرفان خان سے 'دا نیم سیک' کے سیٹ پر ملے تھے۔ انہوں نے ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'عرفان خان ایک نہایت ہی نرم انسان تھے۔'
برطانوی اداکار رضوان احمد کا کہنا ہے کہ وہ کبھی عرفان خان سے نہیں ملے لیکن وہ ان کو ہیرو مانتے تھے۔ '۔۔۔وہ ہم میں سے کئی لوگوں کے لیے مشعل راہ تھے۔'
کینیڈین اداکار للی سنگھ نے عرفان خان کی موت پر غم کا اظہار کیا اور ان کی اداکاری کی تعریف کی۔ انہوں نے لکھا کہ 'عرفان خان ایک جادو کی طرح تھے اور رہیں گے۔'

شیئر: