Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کو ایک اور صدمہ: رِشی کپور بھی چل بسے

رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور ہالی وڈ کے مقبول ہیرو ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کے معروف اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار رشی کپور گذشتہ دو برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
ان کا انتقال ممبئی میں سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن میں ہوا۔ اس وقت ان کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔
ان کے بھائی رندھیر کپور نے ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 'رشی کپور اب اس دنیا میں نہیں رہے۔'
 

 

بدھ کو اداکارعرفان خان کا انتقال بھی کینسر کی وجہ سے ہوا تھا۔
اس سے قبل بدھ کو رشی کپور کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے ہسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس لیے صبح ان کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔'
اداکار رشی کپور میں 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے نیویارک سے بھی کینسر کا علاج کرایا اور 2019 میں صحت یابی کے بعد وہ انڈیا واپس آئے تھے۔
یاد رہے کہ بالی وڈ کے مقبول ہیرو رنبیر کپور رشی کپور کے بیٹے ہیں۔
بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے ٹویٹ کی کہ 'وہ چلے گئے'۔۔۔ رشی کپور چلے گئے۔ اُن کا ابھی انتقال ہوا ہے۔ میں ٹُوٹ گیا ہوں۔'
رشی کپور آنجہانی اداکار راج کپور کے بیٹے تھے۔ انہوں نے 1973 میں فلمی میدان میں قدم رکھا۔
رشی کپور نے بطور چائلڈ ایکٹر 'شری 420' اور 'میرا نام جوکر' میں کام کیا تھا۔
رشی کپور امر اکبر انتھونی، لیلا مجنوں، رفُو چکر، سرگم، قرض، بول رادھا بول اور دیگر ہٹ فلموں کا حصہ تھے۔
اپنے کیریئر کے آخری دنوں میں وہ کپور اینڈ سنز، ڈی ڈے، ملک اور 102 ناٹ آؤٹ میں نظر آئے۔

شیئر: