Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاک ڈاؤن کس ایلیٹ نے کروایا؟ بلاول کا سوال

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کی تذلیل کی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہے کہ وزیراعظم دن میں ایک بیان دیتے ہیں اور رات میں کوئی اور، وزیراعظم بتائیں کہ لاک ڈاؤن کس ایلیٹ نے کروایا؟
جمعے کو کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کورونا وائرس کے بحران میں وفاقی حکومت صوبوں کا ساتھ نہیں دے رہی۔
بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ خود کو صرف اسلام آباد کا وزیراعظم سمجھتے ہیں؟ آپ پورے ملک  کے وزیراعظم ہو، آپ کے ذمے جو کام ہے وہ کریں۔ وزیراعظم نے اگر کام نہیں کرنا تو استعفیٰ دے کر گھر جائیں اور کسی اور کو یہ کام سونپ دیں۔'
صوبہ سندھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو صوبہ سب سے زیادہ اقدامات کر رہا ہے اس کا ساتھ دینے کے بجائے اسے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو کے بقول ابھی تک وفاق نے ٹیسٹنگ، صحت اور معیشت کی بہتری کے حوالے سے سندھ کو ایک روپیہ تک نہیں دیا ہے، 90 فیصد کام وہ خود کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ وفاق کے پاس کرنے کو ہے کیا، زیادہ خرچہ دفاع کا ہے اور قرضوں کی ادائیگی کا۔ آپ نے اس وقت نہ کوئی جنگ لڑنی ہے اور نہ ہی قرضے لوٹانے ہیں اس لیے کورونا کے بحران پر دھیان دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کی تذلیل کی ہے۔

بلاول نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ لاک ڈاؤن کس ایلیٹ نے کروایا؟ (فوٹو: سوشل میڈیا)

انہوں نے کہا کہ جب صوبے وفاق سے مدد کے لیے کہتے ہیں تو اس کا مطلب تنقید یا گالی نہیں ہوتا۔ 'یہ ایک ایسا المیہ ہے کہ کوئی صوبہ اکیلا اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا، وفاق کو ساتھ دینا پڑے گا۔‘ 
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ کیا کوئی وزیراعظم کو سمجھائے گا کہ وہ اس وقت کنٹینر پر نہیں ہیں۔ ’کنٹینر سے اتریں اور اپنا کام کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ 'وفاقی حکومت نے بلوچستان کو لیٹ ڈاؤن کیا، سارا بوجھ اس پر ڈالا اور کوئی سہولت نہیں دی۔ ایسا ہی پنجاب کے ساتھ کیا گیا، تبلیغی جماعت میں شریک ہونے والوں کے فالو اپ کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔'
بلاول بھٹو کے بقول جو وسائل کے مطابق صورت حال سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے، دن رات اسی کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے جمعے کو کہا تھا کہ ایلیٹ نے اپنے آپ کو وائرس سے بچانے  کے لیے لاک ڈاؤن کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

انہوں نے بتایا کہ اس بحران کیفیت میں وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ ’دن رات مزدوروں کا ذکر کرنے والوں نے مزدوروں کے لیے کچھ نہیں کیا‘
انہوں نے کہا کہ اس المیے کے دنوں میں وزیراعظم ایک قومی حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ ’حکومت نے زرعی پیکیج دیا جائے گا لیکن ابھی تک نہیں دیا گیا‘
انہوں نے کہا کہ ہم کو دو محاذوں پر لڑنا ہے ایک بیماری سے اور دوسری معاشی صورت حال سے لیکن وفاقی حکومت ٹیسٹنگ، صحت اور قرنطینہ کی سہولتوں میں کوئی مدد نہیں کر رہا۔

شیئر: