Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'آئی فار انڈیا': شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑا کا آن لائن کنسرٹ

'آئی فار انڈیا' فیس بک پر براڈ کاسٹ ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے پانچ گھنٹوں پر مشتمل ایک آن لائن کنسرٹ کا انعقاد کیا جس کا مقصد فنڈز اکھٹا کرنا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو منعقد کیے گئے اس کنسرٹ میں 'کنگ خان' نے نہ صرف اپنے مداحوں کو لطیفوں سے محظوظ کیا بلکہ ان کے لیے گانا بھی گایا۔
ان کے اس شو کا نام ’آئی فار انڈیا‘ تھا جو فیس بک پر براڈ کاسٹ کیا گیا۔ شو میں لاکھوں لوگوں نے کئی نامور انڈین اور بین الاقوامی شخصیات کو دیکھا۔
شو میں انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سمیت ہالی وڈ کے مشہور اداکار ول سمتھ اور راک لیجنڈ مک جیگر بھی شریک ہوئے۔
اس بحران کے بعد 'سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا' کے موضوع پر ایک خوشگوار اور مزاحیہ گانا سنانے کے بعد سپر سٹار شاہ رخ خان نے اپنے فینز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کر سکتا ہوں، میں کروں گا اور مجھے ضرور مدد کرنی چاہیے۔‘
اداکار ول سمتھ اور مک جیگر نے دیہی علاقوں کے مزدوروں کی مشکلات کے حوالے سے بات کی۔
جیگر نے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدوروں کی نوکریاں ختم ہوگئی ہیں، اس لیے آپ سے جو بھی ہو سکتا ہے ان کے لیے عطیہ کریں۔'
اداکارہ پرینکا چوپڑا اور ریتھک روشن نے مقامی گلوکاروں اور بچوں کے ساتھ فنڈز اکھٹا کرنے کے لیے ہندی اور انگلش زبانوں میں گانے گائے اور بات چیت کی۔
دیگر مشہور شخصیات نے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے کورونا وائرس سے متعلق انٹرویو کیے اور یہ بھی جاننے کی کوشش کی کہ کیسے فرنٹ لائن پر کام کرنے والا طبی عملہ کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے۔
اس شو کا انتظام بالی وڈ کے ڈائریکٹرز کرن جوہر اور زویا اختر نے کیا تھا۔ شو کے ذریعے چار لاکھ 99 ہزار تین سو 26 ڈالرز اکھٹے ہو چکے ہیں جبکہ ہدف سات لاکھ 92 ہزار 707 ڈالرز کا تھا۔
یہ فنڈز سو سے زیادہ ایسے خیراتی اداروں کو دیے جائیں گے جو اس بحران میں لوگوں کو خوراک اور دیگر ضروری خدمات مہیا کر رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق فنڈ کی ضرورت ان لوگوں کے لیے تھی جن کے پاس نہ روزگار ہے، نہ گھر اور ان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کا اگلا کھانا کہاں سے آرہا ہے۔
انڈیا آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے، انڈیا کی آبادی ایک اعشاریہ تین بلین ہے۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 13 سو سے زیادہ افراد ہلاک چکے ہیں۔
جمعے کو حکومت نے مزید دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا تھا تاہم ان علاقوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کم ہے۔

شیئر: