Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدا کا شکر، خان صاحب نے ماسک پہن لیا‘

وزیراعظم عمران خان کو پہلی مرتبہ ماسک پہنے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین تبصروں سے باز نہ رہ سکے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے پھیلاو کے ساتھ ساتھ اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان میں الیکڑنک میڈیا سمیت سوشل میڈیا بھی اس مہم میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ مختلف ویڈیوز، تصاویر کے ذریعے ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے کے حوالے سے ہدایات دی جارہی ہیں۔
حکومت کی طرف سے بھی عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی جارہی ہے مگر سوشل میڈیا صارفین نے اس وقت حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کابینہ کے اجلاس کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آئی جس میں وزیراعظم سمیت کسی وزیر نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔  
صحافی سیلم صافی نے 28 اپریل کو ہونے والی وفاقی کابینہ اجلاس کی ویڈیو کلپ کو شئیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم سمیت کسی وزیر مشیرنے ماسک نہیں پہنا ہے۔
ان حالات میں ہم قوم کو کیسے قائل کریں کہ ہر فرد ماسک پہنا کریں۔ اگر یہ سچ مچ حکمران ہیں توپھر حکمران تو قوم کے لیے رول ماڈل ہوا کرتے ہیں۔

ماسک نہ پہننے پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تبصروں میں وزیراعظم اور حکومتی وزرا کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔
شاید اس تنقید کے بعد حکومت کو بھی اپنی اس 'لاپرواہی' کا ادراک ہوگیا اسی لیے تو منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم سمیت تمام وزرا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپے ہوئے نظر آئے۔
وزیراعظم عمران خان کو پہلی مرتبہ ماسک پہنے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین تبصروں سے باز نہ رہ سکے۔
ٹوئٹر صارف تحریم شبیرنے لکھا کہ ’شکر ہے خدا کا آخر کار خان صاحب نے ماسک پہن لیا۔‘
کچھ عرصہ قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کی تھی جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین نے ان پر خوب تنقیدی تبصرے بھی کیے۔
 اس ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک نہیں پہنتے کیونکہ وہ بہادر ہیں۔‘

تحریک انصاف کے رہمنا ڈاکٹر شہباز گل کی اس ٹویٹ کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ 'ماسک نہ پہننا کوئی بہادری نہیں بلکہ بے وقوفی ہے، ایسی صورتحال میں  وزیراعظم کو عوام کو ماسک کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خود ماسک پہننا چاہیے مگر  ڈاکٹر شہباز گل وزیراعظم کے ماسک نہ پہننے کو دلیرانہ عمل بتا رہے ہیں۔
ایسے تو لوگ بھی ماسک پہننا چھوڑ دیں گے اور کہیں گے ہم بہادر ہیں اس لیے ماسک کا استعمال نہیں کرتے۔

کچھ ممالک کے سربراہان اور رہنما جنھوں نےکورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے طور پر فیس ماسک کا استعمال نہیں کیا،سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد وہ بھی ماسک کا باقاعدہ استعمال کرتے نظر آئے جن میں امریکی نائب صدر مائیک پنس بھی شامل ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں