Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر ایئر ویز کا بڑی تعداد میں ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

قطر ایئر ویز (القطریہ) نے اعلان کیا ہے کہ  فضائی کمپنی کو درپیش بحران کے باعث جلد ہی بڑی تعداد میں ملازمین سبکدوش کیے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق القطریہ نے ملازمین کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کمپنی ان دنوں بڑے کٹھن مرحلے سے گزر رہی ہے۔ جلد  متعدد ملازم سبکدوش کردیے جائیں گے۔
القطریہ نے اپنے پیغام میں یہ نہیں بتایا کہ کتنے ملازم سبکدوش ہوں گے تاہم یہ کہا ہے کہ بہت سارے ملازم سبکدوش کیے جائیں گے.
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق قطر ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹیو اکبر الباکر نے عملے کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ ’ہمیں نئی حقیقت کا سامنا کرنا ہو گا جہاں سرحدیں بند ہیں اور اس کے نتیجے میں بہت سی جگہیں سفر کے لیے بند  ہیں اور اس کی وجہ سے جہاز کھڑے ہیں اور فوری طور پر اس میں مثبت تبدیلی آنے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق القطریہ کے چیئرمین اکبر الباکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ’ کمپنی کے مستقبل کے لیے سخت فیصلوں پر مجبور ہیں۔ فی الوقت جتنے ملازم ہیں انہیں برقرار نہیں رکھا جا سکتا اور بڑی تعداد میں چھانٹی کرنا پڑے گی۔‘
روئٹرز کے مطابق قطر ایئر ویز کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اثرات  کے باعث متعدد ملازمتیں ختم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری پر نمایاں اثرات کی وجہ سے تمام ایئر لائنز کو بہت زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اپنے کاروبار کے مسبقتل کو بچا سکیں۔‘
ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ تاہم گذشتہ ماہ ایئر لائن نے اعلان کیا تھا کہ ملازمین میں سے کچھ کی تنخواہوں کو کم از کم تین ماہ کے لیے آدھا کیا جا رہا جو بعد میں ادا کر دی جائیں گی۔
القطریہ میں 45 ہزار سے زیادہ ملازم ہیں جبکہ اس کے  پاس  240 طیارے ہیں۔
ایک اطلاع کے مطابق مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کو نئے کورونا وائرس بحران کی وجہ سے 24 ارب ڈالر کا خسارہ ہوگا۔
قطر ایئر ویز کی حریف ایئر لائنز اتحاد  اییئر ویز اور ایمریٹس نے بحران سے نمٹنے کے لیے عارضی طور پر تنخواہوں میں کتوٹی کی ہے جبکہ بجٹ ایئر لائن ایئر عریبیہ نے منگل کو 57 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

شیئر: