Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صومالیہ کی خودمختاری کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں: سعودی کابینہ

سعودی کابینہ نے منگل کو صومالیہ کی خود مختاری اور اتحاد کی سپورٹ کا اعادہ کیا اور اسے سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے صومالیہ کی صورت حال کے حوالے سے جدہ میں ہونے والے او آئی سی  وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے نتائج کی بھی حمایت کی۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِصدارت ہوا جس میں خطے کی صورتِ حال اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیراطلاعات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا ’کابینہ نے جدہ میں صومالیہ کی صورت حال پر او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس کے نتائج کی حمایت کی، صومالیہ کے اتحاد، علاقائی سالمیت یا قومی خود محتاری کو نقصان پہنچانے والے متوازی ادارہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا۔‘
کابینہ نے سعودی عرب اور مختلف ملکوں کے ساتھ  ہونے والی اعلی سطح کی مشاورت اور بات چیت کا جائزہ لیا، جس میں علاقائی صورت حال اور امن کے لیے جاری کوششوں پر بات کی گئی۔
اجلاس نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے مملکت کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ سعودی عرب کی میزبانی میں مشترکہ مشق گلف شیلڈ 2026 کے کامیاب اختتام کو سراہا۔
سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اعلٰی سطح کے کئی اقتصادی اجلاسوں کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سعودی، جاپانی وزارتی سرمایہ کاری فورٹ، سعودی کینیڈین بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم نمایاں ہیں۔
اجلاس نے سعودی وزارت خارجہ اور کینیڈا کی وزارت کے درمیان سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے مخلتف ملکوں کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے مسودے کی بھی منظوری دی۔

 

شیئر: