Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کی ڈیو ایپ سے بھی گروپ کالز ممکن

گوگل ڈیو کے نئے فیچرز صارفین کے لیے باسہولت رابطوں کا ذریعہ ہوں گے (فوٹو سوشل میڈیا)
گوگل کی ویڈیو چیٹ ایپلیکیشن گوگل ڈیو کے اعلان کردہ متعدد نئے فیچرز میں سے ایک ’گروپس برائے ویب‘ کے تحت اب صارفین کے لیے ممکن ہو گا کہ وہ اس ایپلیکیشن کو اپنے براؤزر میں استعمال کرتے ہوئے گروپ ویڈیو کال کر سکیں۔
گوگل کی جانب سے اپنے بلاگ پر کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ڈیو کے صارفین کے لیے کچھ مزیدار فیچر متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
دنیائے انٹرنیٹ کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی تین ویڈیو چیٹ سروسز میں سے ایک کے صارفین اب ویب پر بھی گروپ ویڈیو کال کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
گوگل ڈیوایپلیکیشن، ہینگ آوٹ یا گوگل میٹ کے مقابلے میں زیادہ موبائل فرینڈلی تسلیم کی جاتی ہے تاہم حالیہ تبدیلی کے بعد اب ڈیسک ٹاپ صارفین بھی اس سے پوری طرح مستفید ہو سکیں گے۔
کورونا وائرس کے بعد کی صورت حال میں گھروں سے کام کرنے کے رجحان میں خاصا اضافہ ہوا ہے اس کے ساتھ ہی باہم رابطوں کے لیے جن ایپلیکیشنز کا استعمال بڑھا ان میں وڈیو اور کالنگ یا میسیجنگ ایپس سرفہرست ہیں۔
متعدد ویڈیو چیٹ اور میسیجنگ ایپلیکیشنز کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جا چکی ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد سے ان ایپلی کیشنز کا استعمال اور صارفین کی تعداد میں ماضی کی نسبت کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران ڈیو میں گروپ ویڈیو کال کا فیچر ویب پر بھی مہیا کر دیا جائے گا۔ اس پیش رفت کے بعد گوگل کی تینوں ویڈیو چیٹ ایپلیکیشنز پر یہ فیچر میسر ہو گا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے والے صارفین یو آر ایل (لنک) شیئر کر کے دوسروں کو بھی ویڈیو کال میں شرکت کی دعوت دے سکیں گے۔ دیگر وڈیو ایپس خصوصا زوم اور فیس بک میسنجر میں بھی ویڈیو چیٹ کے لیے کم و بیش یہی طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
گوگل ڈیو کی گروپ ویڈیو کال کو 16 افراد جوائن کر سکیں گے۔
گوگل کی سینیئر ڈائریکٹر پروڈکٹ اینڈ ڈیزائن ثنا ظاہری کے مطابق ’نئے فیچر کے تحت فیملی موڈ اور ان کال افیکٹ بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ صارفین کے فیڈ بیک کی روشنی میں ویب کے لیے گروپس اور کسی بھی گوگل اکاؤنٹ رکھنے والے افراد کو لنک کے ذریعے ان میں شمولیت کی سہولت دے رہے ہیں۔‘

ڈیو کے ملکیتی ادارے گوگل کی جانب سے ہینگ آوٹ نامی ایپلیکیشن بلامعاوضہ صارفین کو دستیاب تھی ہی تاہم کچھ عرصہ قبل تجارتی سطح پر استعمال ہونے والی ویڈیو ایپ گوگل میٹ کا بھی فری ورژن متعارف کرایا جا چکا ہے۔
گوگل میٹ کے ذریعے ایک وقت میں تقریباً 100 افراد گروپ کال کر سکتے ہیں۔

شیئر: