’غالب پوزیشن کا غلط استعمال‘، اٹلی میں ایپل کمپنی پر 115 ملین ڈالر کا جرمانہ
’غالب پوزیشن کا غلط استعمال‘، اٹلی میں ایپل کمپنی پر 115 ملین ڈالر کا جرمانہ
پیر 22 دسمبر 2025 15:18
فرانس میں بھی متعلقہ محکمے نے رواں سال ایپل پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
یورپ کے ملک اٹلی کی مسابقتی اتھارٹی نے امریکی ٹیک کمپنی ایپل پر موبائل ایپ مارکیٹ میں اپنی غالب پوزیشن کا غلط استعمال کرنے پر 98 ملین یورو یا 115 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو اطالوی مسابقتی اتھارٹی (اے جی سی ایم) نے ایک بیان میں کہا کہ ایپل کمپنی نے ایک ایسی مارکیٹ میں تھرڈ پارٹی ڈویلپرز کے لیے پرائیویسی کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے جہاں وہ ’اپنے ایپ سٹور کے ذریعے غالب پوزیشن رکھتی ہے۔‘
اتھارٹی نے کہا کہ اُس کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ ایپل نے ایپ سٹور کے ذریعے تھرڈ پارٹی ڈویلپرز کی ایپس پر ’محدود نوعیت‘ کے پرائیویسی قواعد کا اطلاق کیا۔
اٹلی کی مسابقتی اتھارٹی کے بیان کے مطابق ایپل نے ایپ ٹریکنگ ٹرانسپرنسی کے قوانین ’یکطرفہ طور پر نافذ کیے جو ایپل کے تجارتی شراکت داروں کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‘
فرانس میں بھی متعلقہ محکمے کے حکام نے رواں سال کے آغاز میں ایپل پر اس کے ایپ ٹریکنگ پرائیویسی فیچر کے باعث 150 ملین یورو کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
یورپ میں دیگر ملکوں کے متعلقہ محکموں نے بھی ایپل کی ایپ ٹریکنگ پر اسی طرح کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ ایپل کمپنی کے مطابق وہ ایسا رازداری کے تحفظ کے فروغ کے لیے کرتی ہے۔
ایپل کی جانب سے 2021 میں متعارف کرائے گئے فیچر کے ایپس کو دیگر ایپس اور ویب سائٹس پر اپنی سرگرمی کا پتہ لگانے سے پہلے ایک پاپ اپ ونڈو کے ذریعے صارف کی رضامندی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی کمپنی ایپل دُنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اگر صارفین انکار کرتے ہیں تو ایپ اس صارف کی معلومات تک رسائی کھو دیتی ہے جس کی وجہ سے اشتہارات نظر نہیں آتے اور ایپس کو نقصان ہوتا ہے۔
ناقدین نے ایپل کمپنی پر الزام لگایا ہے کہ وہ حریفوں کو محدود کرتے ہوئے اپنی اشتہاری خدمات کو فروغ دینے کے لیے سسٹم کا استعمال کر رہی ہے۔