ڈیجیٹل دور میں سمارٹ فون، آن لائن کلاسز، ویڈیو گیمز اور سٹریمنگ بچوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے ہیں لیکن حالیہ تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ حد سے زیادہ سکرین ٹائم صرف بچوں کی توجہ یا مزاج ہی نہیں بلکہ ان کے دل کی صحت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
’جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن‘ میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق بچوں اور نوعمروں میں تفریحی سکرین ٹائم کا ہر اضافی گھنٹہ دل سے متعلق میٹابولک خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا، ویڈیو گیمز اور طویل سکرین استعمال بچوں میں موٹاپے، بلڈ پریشر اور شوگر جیسے مسائل سے جُڑا ہوا ہے۔
تحقیق میں کیا سامنے آیا؟
اس مطالعے میں ڈنمارک کے دو طویل المدتی تحقیقی گروپس کے ایک ہزار سے زائد بچوں اور نوعمروں کا ڈیٹا شامل کیا گیا۔
سکرین ٹائم کی معلومات والدین یا بچوں سے لی گئیں جبکہ نیند اور جسمانی سرگرمی کو جدید آلات کے ذریعے ناپا گیا۔ دل کی صحت کا جائزہ کمر کے گھیراؤ، بلڈ پریشر، اچھے کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل)، ٹرائی گلسرائیڈز اور بلڈ شوگر جیسے عوامل سے لیا گیا۔
نتائج
اس تحقیق میں سامنے آنے والے نتائج کے مطابق چھ سے 10 سال کے بچوں میں سکرین ٹائم کا ہر اضافی گھنٹہ دل کے خطرات میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔













