آئی فون 18 کی ریلیز چند ہفتے دور؟ نئی رپورٹ میں لانچنگ تاریخ کے بارے میں اہم دعویٰ
بدھ 24 دسمبر 2025 11:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
حالیہ رپورٹس کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 کے بیس ماڈل کو 2026 کے آغاز میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: نائن ٹو فائیو میک)
امریکی جریدے فوربز میں شائع ہونے والی ایک نئی رپورٹ کے مطابق اگلا فلیگ شپ آئی فون یعنی آئی فون 18 متوقع وقت سے کہیں پہلے 2026 کے آغاز میں لانچ ہو سکتا ہے۔ اگر یہ درست ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آئی فون 18 کی آمد اب صرف چند ہفتوں کی بات رہ گئی ہے۔
روایتی طور پر ایپل اپنے آئی فونز ستمبر میں متعارف کراتا رہا ہے اور یہ سلسلہ 2011 سے جاری ہے، سوائے ان دو مواقع کے جب آئی فون 4s اکتوبر 2011 میں لانچ ہوا، جبکہ آئی فون 12 اکتوبر 2020 میں کرونا وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو میک کے مطابق مطابق، توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے برس آئی فون 18 کو آئی فون 17e کے ساتھ بہار کے موسم میں لانچ کیا جائے گا، جبکہ آئی فون 18 کے پرو ماڈلز معمول کے مطابق ستمبر میں ہی پیش کیے جائیں گے۔
اس رپورٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والی کئی افواہوں سے ہم آہنگ ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ ریگولر آئی فون ماڈلز کو پرو اور پرو میکس سے الگ شیڈول پر لانچ کیا جائے گا۔ اسی تناظر میں 2026 میں فولڈ ایبل آئی فون یا 2027 میں متوقع آئی فون ایئر کا ذکر بھی سامنے آتا رہا ہے۔
تاہم اس سے قبل آنے والی رپورٹس کے مطابق ریگولر آئی فون کو چھ ماہ تاخیر سے لانچ کیا جانا تھا۔ یعنی یہ توقع کی جا رہی تھی کہ آئی فون 18 کو 2027 کے آغاز میں، ممکنہ طور پر آئی فون 18e کے ساتھ لانچ کیا جائے گا۔
نئی معلومات چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویئبو کے ایک اکاؤنٹ فکسڈ فوکس ڈیجیٹل سے سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کے بعد آئی فون 18 سیریز کو مرحلہ وار بڑے پیمانے کی پروڈکشن لائن پر ٹیسٹ کیا جائے گا، اور سب سے جلد اس کی پیداوار سپرنگ فیسٹیول سے پہلے شروع ہو سکتی ہے۔
چین میں سپرنگ فیسٹیول فروری میں آتا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 کی فروخت مارچ کے آس پاس شروع ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ آئی فون 16e فروری 2025 کے بالکل آخر میں لانچ ہوا تھا، اور امکان ہے کہ آئی فون 17e بھی اسی مدت یا مارچ 2026 کے آغاز میں متعارف کرایا جائے۔
البتہ جس بات کی توقع نہیں تھی وہ یہ ہے کہ آئی فون 18 بھی اسی وقت لانچ کیا جائے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ فکسڈ فوکس ڈیجیٹل کی رپورٹ میں غلطی ہو اور دراصل یہ شیڈول آئی فون 17e کا ہو، نہ کہ آئی فون 18 کا۔
اگر ایسا ہے تو پھر دیگر افواہوں کے مطابق آئی فون 18 کی لانچنگ 2027 کے آغاز میں ہو سکتی ہے۔
