Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو ملازماؤں کے لیے سپیشل کیئر سینٹر

کیئر سینٹر میں تمام سہو لتیں مہیا ہوں گی.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ  گھریلو ملازماؤں کے لیے سپیشل کیئر سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں کفیلوں (سپانسر) سے مفرور اور ڈیوٹی دینے سے منع کرنے والی گھریلو ملازماؤں کو رہائش فراہم کی جائے گی.
الوطن اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت چاہتی ہے کہ گھریلو ملازماؤں کے حوالے سے دنیا بھر میں سعودی عرب کی اچھی تصویر بنے.
اس حوالے سے منفی پروپیگنڈے کا عملی جواب دیا جائے. اسی لیے گھریلو ملازماؤں کے لیے سپیشل کیئر سینٹرقائم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے. 
سعودی عرب کے حوالے سے کئی باتیں بیرونی میڈیا میں پھیلی ہوئی ہیں. ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ملازمائیں سعودی ہوائی اڈوں یا بندرگاہوں پر پہنچتی ہیں تو ریکروٹنگ ایجنسیوں کے نمائندے یا ملازماؤں کی خدمات حاصل کرنے والے سعودی موجود نہیں ہوتے جس کی وجہ سے ملازمائیں مشکلات سے دوچار ہوجاتی ہیں.
وزارت افرادی قوت نے کیئر سینٹر قائم کرنے کا پروگرام یہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے بنایا ہے.
آئندہ گھریلو ملازماؤں کو ایئرپورٹ پہنچنے پر کیئر سینٹر کے حوالے کردیا جائے گا جہاں انہیں کھانے پینے، رہنے کی تمام سہو لتیں مہیا ہوں گی.
ریکروٹنگ ایجنسیوں کے نمائندے اور سعودی کفیل انہیں کیئر سینٹر پہنچ کر کاغذی کارروائی مکمل کرکے اپنے گھر لے جاسکیں گے.

کفیل ایسا کوئی کام نہیں لے سکتا جو معاہدے میں شامل نہ ہو.(فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت افرادی قوت نے گھریلو ملازماؤں کے دیگر مسائل حل کرنے کے لیے سخت ضابطے مقرر کیے ہیں. ان ضابطوں کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے بھی بعض ملازمائیں کفیلوں سے فرار ہوجاتی ہیں اور کئی ایسی ہوتی ہیں جو کفیلوں کی جانب سے طلب کیے جانے والے متعدد کام انجام دینے سے معذرت کرلیتی ہیں. وزارت نے کفیلوں پر پابندیاں عائد کی ہیں.
 ایک پابندی یہ ہے کہ گھریلو ملازمہ سے کفیل ایسا کوئی کام نہیں لے سکتا جو ملازمت کے معاہدے میں شامل نہ ہو.
گھریلو ملازم یا ملازمہ سے کوئی ایسی ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی جس سے اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوتا ہو.

گھریلو ملازم یا ملازمہ کو مناسب رہائش فراہم کرنا ہوگی.(فٹو سوشل میڈیا)

چاند کے ہر مہینے کے آخر میں گھریلو ملازم یا ملازمہ کو متفقہ محنتانہ دینا ہوگا-
محنتانہ اور واجبات کیش یا چیک کی صورت  میں دیا جائے گا اور اس کا تحریری ریکارڈ بھی تیار کیا جائے گا.
گھریلو ملازم یا ملازمہ کو مناسب رہائش فراہم کرنا ہوگی.
روزانہ کم از کم نو گھنٹے آرام کے لیے مخصوص کرنا ہوں گے.
گھریلو ملازم یا ملازمہ کو کسی کی خدمت پر مامور کرنے کی اجازت ہوگی اور نہ ہی انہیں نجی کاروبار کی اجازت دی جاسکے گی.

شیئر: