Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان ریجن کے شہر بیش میں 24 گھنٹے کرفیو کا فیصلہ

’شہر سے رہائشیوں کے نکلنے اور باہر سے کسی کے آنے پر بھی پابندی ہوگی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے انسداد کے باعث جازان ریجن کے شہر بیش میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم صحت کمیٹی کی سفارشات اور شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیش کمشنری میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ ہوگا‘۔
’شہر سے رہائشیوں کے نکلنے اور باہر سے کسی کے آنے پر بھی پابندی ہوگی البتہ اس سے استثنی ان افراد کو حاصل ہے جنہیں سابقہ شاہی فرمان میں استثنی دیا گیا تھا‘۔
’فیصلے پر نفاذ آج منگل سے ہوگا اور اس پر تاہدایت ثانی عملدرآمد رہے گا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’رہائشیوں کو انتہائی محدود حد تک اور ناگزیر اسباب کی بنا پر ضروری سامان خریدنے کے لیے گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی تاہم وہ صبح 9 بجے سے شام 5 تک اپنے محلے کی حد تک رہیں گے‘۔
’گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ صرف ایک شخص کو بیٹھنے کی اجازت ہے تاہم یہ اجازت بھی محلے کی حد تک ہے، محلے سے باہر نکلنے پر پابندی ہے‘۔
’تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہے سوائے صحت مراکز، فارمیسی، غذائی اشیا فروخت کرنے والی دکانیں، پٹرول پمپ، گیس اسٹیشن، بینکنگ خدمات، مینٹیننس، پملبر، اے سی کا کام کرنے والے، پانی سپلائی کرنے والے اور سیوریج کا کام کرنے والے اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں‘۔

’ فیصلے پر نفاذ آج منگل سے ہوگا اور اس پر تاہدایت ثانی عملدرآمد رہے گا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت نے کہا ہے کہ ’انتہائی ناگزیر اسباب کی بنا پر گھروں سے نکلنا صرف بالغان کے لیے، بچوں کی سلامتی کے لیے انہیں گھروں تک محدود رکھا جائے گا‘۔
’رہائشی اپنی ضرورت کی چیزوں کے لیے ہوم ڈلیوری ایپلی کیشن سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور گھروں سے نکلنا محدود کردیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ وبا کو محصور کرنے اور رہائشیوں کی سلامتی کے لیے کیا گیا ہے، اس پر وقفے وقفے سے نظر ثانی ہوتی رہے گی‘۔

شیئر: