امارات میں کورونا کے 783 نئے مریض، دو ہلاک، 631 شفایاب
’گزشتہ 24 گھنٹوں میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے 32 ہزار افراد کا معائنہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں آج منگل کو کورونا کے 783 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک بھر میں عام معائنے کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 32 ہزار افراد کا معائنہ ہواہے جس میں کورونا کے نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے تحت ملک کی عام شاہراہوں، گلی محلوں اورمارکیٹوں میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا عام معائنہ جاری ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 19661 ہوگئی ہے‘۔
’گزشتہ دن کے دوران دو مریض ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق دو مختلف ممالک تھا، اس طرح ہلاک شدگان کی تعداد 203 ہوگئی ہے‘۔
وزارت نے ہلاک شدگان کے اعزہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے افسوس کااظہار کیا ہے اور رہائشیوں سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’نئے شفایاب ہونے والے مریض 631 ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 6012 ہوگئی ہے‘۔