Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: کرفیو میں نرمی 22 مئی تک،عید کے 4 دن لاک ڈاؤن

30 رمضان سے 4 شوال تک تمام علاقوں اور صوبوں میں کرفیو ہوگا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی حکومت نے ملک بھر میں نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچنے کے لیے مقرر تمام حفاظتی اقدامات میں رمضان کے آخر تک توسیع کردی ہے.
کرفیو میں جاری نرمی 29 رمضان 22 مئی تک برقرار رہے گی جبکہ 30 رمضان سے 4 شوال تک سعودی عرب کے تمام علاقوں اور صوبوں میں مکمل کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے.
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو جاری  بیان میں بتایا کہ 'شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے کرفیو کے حوالے سے نئے اقدامات کیے ہیں. صحت حکام کی سفارش پر نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مندرجہ ذیل فیصلے کیے گئے ہیں.'
اول 21 رمضان 1441 ہجری بمطابق 14 مئی 2020 جمعرات سے 29 رمضان 1441 ھجری بمطابق 22 مئی 2020 جمعہ کے آخر تک 4 اقدامات طے کیے گئے ہیں.
1) مستثنیٰ اقتصادی و تجارتی سرگرمیاں جوں کی توں برقرار رہیں گی. 25 اپریل کو جاری کردہ فیصلے میں جن اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی تھی وہ اسی طرح  جاری رکھی جا سکیں گی البتہ مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی ضروری ہوگی.

تمام حفاظتی اقدامات میں رمضان کے آخر تک توسیع  کی گئی ہے (فوٹو: سبق)

2)  دن کے وقت 8 گھنٹے ضروری کاموں سے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی. روزانہ صبح 9 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک سعودی عرب کے تمام علاقوں اور شہرو ں میں مقامی باشندے اور مقیم غیرملکی گھروں سے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے نکل سکیں گے، البتہ مکہ اس سہولت سے مستثنیٰ ہوگا. مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت مقررہ حفاظتی تدابیر کا پوری طرح سے دھیان رکھیں.
3) مکہ میں مکمل کرفیو برقرار رہے گا.
4) مکمل لاک ڈاؤن والے محلوں، شہروں اورعلاقوں میں آنے جانے کی پابندی حسب سابق برقرار رہے گی.
دوم:  30 رمضان 1441 ھجری بمطابق 23 مئی 2020 ہفتے سے 4 شوال 1441 ھجری بمطابق 27 مئی 2020 بدھ تک کے لیے دو پابندیاں لگائی گئی ہیں جو یہ ہیں.

 لوگوں کو سماجی فاصلے کی مکمل پابندی کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

1) سعودی عرب کے تمام علاقوں اور شہروں میں مکمل کرفیو نافذ رہے گا.
2)  سماجی فاصلے کی مکمل پابندی کرنا ہوگی مثلاً 5 سے زیادہ افراد کسی ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتے. خلاف ورزی پر وہی جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی جو 7 مئی 2020 کو وزارت داخلہ نے مقرر کی تھیں.
وزارت داخلہ نے تمام لوگوں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صحت و سلامتی کے لیے مقرر تمام ہدایات کی مکمل پابندی کریں. سماجی فاصلے کے ضوابط کا خیال کریں- کسی بھی شکل میں کسی بھی جگہ کسی بھی طرح کی تقریب یا اجتماع نہ کریں.

شیئر: