Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر سمت سبزے کی بہار، بارشوں نے مکہ کی وادیوں کا منظر ہی بدل دیا

بارش کے پانی نے بنجر زمین میں جان ڈال دی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکرمہ مکرمہ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد شہرِ مقدس کے جنوب مشرقی سمت میں واقع وادیوں کا منظر ہی بدل گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بارش کے بعد قدرتی ماحول کا تنوع نمایاں ہے۔ کھائیوں، پہاڑی ڈھلوانوں اور پتھریلے میدانوں پر موسم کے رنگ نمایاں ہیں اور ہر سمت سبزے کی بہار دکھائی دینے لگی ہے۔
بارش کے پانی نے اس بنجر زمین میں جان ڈال دی ہے۔ بارش کا پانی موسمی نباتات کو نئی زندگی بخشتا ہے۔ جنگلی گھاس اور پودوں کی افزائش میں مدد دیتا ہے اور ایسے نباتاتی انواع کے ظہور کا سبب بنتا ہے جو خشک آب و ہوا کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وادیوں اور نشیبی حصوں میں مٹی کے اندر محفوظ رہنے والی نمی بھی ان پودوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہر طرف پھیلے سبزے اور سیاہ چٹانوں کا تضاد پورے علاقے میں قدرتی منظر کی ایک خوبصورت تصویر پیش کر رہا ہے۔
مکہ مکرمہ کے اطراف کی وادیوں میں مختلف اقسام کے جنگلی پودے اور درخت پائے جاتے ہیں۔ ان میں سمر، سلم اور سدر نمایاں ہیں، یہ درخت سخت موسمی حالات اور پانی کی قلت کے باوجود توانا رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سمر اور سلم کے درخت اپنی پھیلی ہوئی شاخوں اور کانٹوں کے باعث صحرائی ماحول میں بہتر طورپر نشوونما پاتے ہیں جبکہ سدر کے درخت اپنے سرسبز پتوں اور گھنے سائے کے باعث نمایاں حیثیت کے حامل ہیں۔
عرفج اور رمث کی جھاڑیاں خشک زمین میں اگنے والی نباتات میں شامل ہیں جبکہ موسمی پودے اپنی افزائش کے دوران قدرتی مناظر کو مختلف رنگوں سے آراستہ کر دیتے ہیں۔
مکہ مکرمہ کے جنوب مشرق میں واقع وادیاں بارش کے موسم کے بعد حیرت انگیز دلکش منظر پیش کرتی ہیں۔ یہاں کی متنوع زمینی ساخت، پہاڑی مناظر اور جنگلی نباتات کا پھیلاو اس خطے کے قدرتی خزانوں کو نمایاں کرتا ہے۔

ان وادیوں کو ماحولیاتی اور قدرتی اعتبار سے بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ ان کا تعلق علاقے کی ارضیاتی ساخت اور پہاڑی جغرافیے سے ہے۔ یہ وادیاں بارش اور سیلابی پانی کے قدرتی نکاسی کا ذریعہ بھی ہیں جو اس پانی کو راستہ فراہم کرنے کے ساتھ مٹی کو زرخیز بھی بناتی ہیں۔
اس سے ایسے موسمی مسکن بھی وجود میں آتے ہیں جو شہر کے ہنگاموں سے دور فطرت کے قریب وقت گزارنے کے خواہشمند سیاحوں، فوٹو گرافروں اور مہم جوئی کے شوقین افراد کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
حکام نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیاحوں سے کہا کہ وہ جنگلی نباتات کا خیال رکھیں اور اپنی سیفٹی یقینی بنانے کے لیے بارش کے دوران نشیبی وادیوں سے دور رہیں۔

 

شیئر: