Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورل ریف کی بحالی: سعودی عرب کا بحیرۂ احمر میں جدید مرکز قائم کرنے کا اعلان

منصوبے کا مقصد 2030 تک جزیرۂ شوشہ کے اطراف 20 لاکھ سے زیادہ ریف لگانے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاؤسٹ) نے بحیرۂ احمر کے ساحل پر مرجان کی چٹانوں کی بحالی کے لیے ایک بڑے پیمانے پر جدید مرکز قائم کیا ہے۔
یونیورسٹی کے بیان کے مطابق اس مرکز کا مقصد ہر سال تین لاکھ 60 ہزار مرجان کی تیاری اور 2030 تک 100 ہیکٹر رقبے پر پھیلی مرجان کی چٹانوں کی بحالی ہے۔
اس مرکز کے افتتاح کا اعلان ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ کوپ31 ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔
کاؤسٹ کورل ریسٹوریشن انیشیٹیو کے تحت خشکی پر مرجان کی افزائش کے لیے ایک نرسری اور تحقیقی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد 2030 تک جزیرۂ شوشہ کے اطراف 100 ہیکٹر پر پھیلی مرجان کی کی چٹانوں میں 20 لاکھ سے زیادہ ریف لگانا ہے جبکہ 2040 تک ایک مضبوط اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق یہ منصوبہ ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب سمندری پانی کے درجہ حرارت میں اضافے اور شدید گرمی کی لہروں کے باعث کورل ریفس کو خطرات کا سامنا ہے۔
کاؤسٹ کے اس منصوبے کے چار بنیادی اجزا ہیں جن میں بڑے پیمانے پر خشکی پر قائم مرجان کی نرسری، سمندر میں مرجان کی افزائش کے مراکز، 50 سے زائد تحقیقی پروگرامز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کا نظام شامل ہیں۔
تحقیق، مصنوعی ذہانت اور بحالی کے اقدامات
کاؤسٹ کے پروفیسر اور کورڈیپ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر کارلوس ڈوارٹے نے کہا کہ ’پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ہمارے پاس صرف سمندروں کے مستقبل کی پیش گوئی کرنے کی ٹیکنالوجی ہی نہیں بلکہ اسے بدلنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔‘
انہوں نے کاؤسٹ کے اس منصوبے  کو بحیرۂ احمر کے لیے امید کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا بھر میں مرجان کی چٹانوں کی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک مثالی نمونہ بن سکتا ہے۔

شیئر: