حج خدمات بہتر بنانے کے لیے 11 روبوٹک حل کیا ہیں؟
جمعرات 12 نومبر 2026 6:54
سمارٹ حل سفر حج کے مختلف مراحل میں معاونت کر یں گے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں منعقدہ چھٹی حج کانفرنس و نمائش میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ بس کے ساتھ رہنمائی، استقبال، رابطے، سامان کی ترسیل، صفائی، سینیٹائزیشن اور سکیورٹی نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے 11 روبوٹک حل پیش کیے گئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق نئی ٹیکنالوجی یہ ظاہر کرتی ہے کہ کس طرح سمارٹ حل عازمین حج کے سفر کے مختلف مراحل میں معاونت کر سکتے ہیں۔
’شقردیہ‘ روبوٹ عازمین حج کو ایئر پورٹ اور ٹرین سٹیشنوں سے ان کی منزل تک پہنچانے میں رہنمائی کرتا ہے۔
عازمین کے استقبال اور خیرمقدم کے لیے ’ازہل‘ سسٹم متعارف کرایا گیا جو چہرے کی شناخت اور ان کے ساتھ رابطے کی سرگرمیوں کی صلاحیت کا حامل ہے۔
’مزہرہ‘ روبوٹ دو سکرینوں کے ذریعے بیک وقت معلوماتی اور رہنمائی پر مبنی مواد دکھاتا ہے جبکہ ’تواصل‘ ویڈیو کال اور ریموٹ کنٹرول کی سہولت فراہم کرتا ہے جس سے عملہ دوسری جگہ سے بھی عازمین کی ہر ممکن مدد کرنے کا قابل ہوجاتا ہے۔

خدمات کی فراہمی کے لیے ’مرسال‘ روبوٹ دستاویزات، پارسل اور ادویات مختلف شعبوں کے درمیان منتقل کرتا ہے۔ مہمانوں کے کمروں تک سامان پہنچانے میں معاون ہوتا ہے۔
’ویٹر‘ روبوٹ ریستورانوں اور ہسپتالوں میں اشیا کی ترسیل کرتا ہے اور خود کار طور پر راستے کی رکاوٹوں سے بچتے ہوئے اپنی چارجنگ سٹیشن پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

صفائی کے شعبے میں ’غون‘ نامی روبوٹ کی خدمات متعارف کرائی گئی ہیں۔ سینیٹائزنگ کے لیے ’عطرہ‘ روبوٹ کے چار ماڈل پیش کیے گئے۔ ان میں سے دو سپرے ٹیکنالوجی جبکہ دیگر دو الٹرا وائلٹ شعاعوں کے ذریعے جراثیم کا خاتمہ کرتے ہیں۔
سکیورٹی کے شعبے میں ’درعہ‘ روبوٹ گوداموں کی نگرانی، فائر الارم کی نشاندہی اور ہائی ڈیفینیشن ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت کا حامل ہے۔
