ریاض سیزن میں عالمی ثقافتی پرفارمنس اور سعودی روایات نمایاں توجہ کا مرکز
ریاض سیزن میں عالمی ثقافتی پرفارمنس اور سعودی روایات نمایاں توجہ کا مرکز
جمعرات 12 نومبر 2026 8:31
ریاض سیزن میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ثقافتی گروپس شرکت کرتے ہیں (فوٹو: ریاض سیزن)
خلیجی تھیٹر ڈراموں اور بین الاقوامی ثقافتی پرفارمنس سے لے کر روایتی سعودی فنون تک ریاض سیزن 2026 کے تحت دارالحکومت میں تفریحی سرگرمیوں کا ایک متنوع پروگرام پیش کیا جا رہا ہے جبکہ نومبر کے دوران مزید تفریحی مقامات اور سرگرمیوں کا آغاز بھی متوقع ہے۔
ریاض سیزن کا ساتواں ایڈیشن 21 اکتوبر کو شروع ہوا جس میں خلیجی اور عرب دنیا کے نامور فنکاروں کی پرفارمنس کے ساتھ بین الاقوامی ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
بولیواڈ سٹی ریاض سیزن کے اہم تھیٹر مراکز میں سے ایک بن کر سامنے آیا ہے جہاں خلیجی اور مصری تھیٹر پروڈکشنز پیش کی جا رہی ہیں۔ ان ڈراموں میں مزاح، موسیقی اور براہِ راست پرفارمنس کے ذریعے سماجی اور ذاتی زندگی کے مختلف موضوعات کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
تھیٹر پروگرام کا آغاز 22 اکتوبر کو بکر الشدی تھیٹر میں ایک سماجی کامیڈی ڈرامے سے ہوا جس میں ایک ایسے شخص کی کہانی پیش کی گئی ہے جو 50 برس کی عمر کو پہنچنے پر اپنے تعلقات میں آنے والی تبدیلیوں کا سامنا کرتا ہے۔ شائقین کی بھرپور دلچسپی کے باعث اس ڈرامے کو 31 اکتوبر تک دکھایا جائے گا۔
محمد العلی تھیٹر میں مصری کامیڈی ڈرامہ ’انا مش عارفنی‘ بھی پیش کیا گیا جس کے بعد ’السادہ الاعضا‘ کے نام سے ایک اور ڈرامہ 5 سے 9 نومبر تک سٹیج کیا گیا۔
آئندہ پیش کیے جانے والے تھیٹر ڈراموں میں ’فی حتہ تانیہ‘ شامل ہے جو 11 سے 15 نومبر تک بکر الشدی تھیٹر میں پیش کیا جائے گا، جبکہ ’علمی علوم‘ کا آغاز 13 نومبر کو محمد العلی تھیٹر میں ہوگا جہاں یہ ڈرامہ چار روز تک جاری رہے گا۔
تھیٹرز کے علاوہ 30 اکتوبر کو کھلنے والا بولیوارڈ ورلڈ بھی سیاحوں اور تفریح کے شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ پیش کر رہا ہے۔ یہاں مختلف ممالک کی ثقافتوں اور روایات کو لوک فنون، موسیقی، روایتی ملبوسات، طرزِ تعمیر اور بین الاقوامی کھانوں کے ذریعے اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ریاض سیزن میں ہر عمر کے افراد کے لیے تفریحی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں (فوٹو: ریاض سیزن)
تفریحی زون میں سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، چین، بھارت، مراکش، سپین اور میکسیکو سمیت مختلف ممالک کی ثقافتوں اور روایات سے متاثر سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں۔
یہاں آنے والے سیاح روایتی بازاروں کی سیر کر سکتے ہیں، مختلف مقامات پر فنکاروں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور ایشیا، یورپ، افریقہ اور عرب دنیا کی ثقافتی و فنکارانہ روایات کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔
موسیقی بھی رواں سال کے ریاض سیزن کی ایک اہم تفریحی سرگرمی ہے۔
آئندہ پیش کیے جانے والے تھیٹر ڈراموں میں ’فی حتہ تانیہ‘ شامل ہے (فوٹو: ریاض سیزن)
لبنانی گلوکار فضل شاکر نے 22 اور 23 اکتوبر کو بولیواڈ سٹی کے ابوبکر سالم تھیٹر میں اپنے کنسرٹس ’عودة الغائب‘کے ذریعے ایک بار پھر سٹیج پر پرفارم کیا جہاں بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔
سعودی گلوکار عبادی الجوھر نے 6 نومبر کو محمد عبدہ ایرینا میں ’آرٹسٹک سیشن‘‘کے عنوان سے کنسرٹ پیش کیا جس میں انہوں نے اپنے مشہور اور مقبول گیتوں کا انتخاب پیش کیا۔
ریاض میں 19 سے 28 نومبر تک ایتھنو اسپورٹ کلچرل فیسٹیول بھی منعقد ہوگا جس میں ترکیہ اور دیگر ممالک کے روایتی کھیلوں اور ثقافتی پرفارمنس کو سعودی دارالحکومت میں پیش کیا جائے گا۔