Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور روس تیل منڈی کے استحکام پر متفق

وزرائے توانائی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب اور روس کے وزرائے توانائی نے کہا ہے کہ دونوں ملک تیل منڈی میں جلد از جلد توازن اور استحکام لانے کے پابند ہیں.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق روسی وزیر توانائی الیگزینڈر نوواک اور سعودی وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بدھ کو تیل منڈی کی تازہ صورتحال پر مشورے کے لیے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے.
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اوپیک پلس میں شامل ممالک تیل پیداوار میں کمی کی پابندی کریں گے.
وزرائے توانائی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اوپیک پلس کے تمام فریق پیداوار میں کمی کے معاہدے کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے پرعزم ہیں.
ٹیلیفونک رابطے کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب اور روس کے وزرائے توانائی اقتصادی حالات کی بہتری کے حوالے سے نظر آنے والی تبدیلیوں سے مطمئن ہیں.
’اقتصادی تبدیلیاں تیل مارکیٹ پر خوشگوار اثرات ڈالیں گی. خصوصا تیل کی طلب بڑھنے کے امکانات روشن ہوچلے ہیں. کئی ملکوں میں کرفیو میں تخفیف کے باعث صورتحال تبدیل ہونے لگی ہے‘.

روسی وزیر توانائی نے تیل پیداوار میں مزید کمی کے فیصلے پراظہارپسندیدگی کیا.(فوٹو اے پی)

روسی وزیر توانائی نے سعودی عرب کی جانب سے تیل پیداوار میں مزید کمی کے فیصلے پر پسندیدگی کا اظہار کیا. انہوں نے  متحدہ عرب امارات اور کویت کی جانب سے بھی اسی قسم کے اقدامات کی تعریف کی.
انہوں نےمزید کہا کہ تیل پیداوارمیں مزید کمی موثر مثالی عملی ہے. اس کا خیر مقدم کیا جانا ضروری ہے. اس کی بدولت عالمی تیل منڈی میں توازن جلد بحال ہوسکے گا.
 

شیئر: