Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ٹرمپ کو لوگوں کے مرنے کی کوئی پرواہ نہیں‘

رابرٹ ڈی نیرو کئی سالوں سے ٹرمپ پر تنقید کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ہالی وڈ کے مشہور اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا  کہ وہ ایک ’پاگل شخص‘ ہیں جنہیں پرواہ نہیں کہ کووڈ19 سے کتنے لوگ مر رہے ہیں۔
برطانونی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام 'نیوز نائٹ' میں انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران نیویارک میں رہنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی اور ملک کی قیادت پر برہمی کا اظہار کیا۔
'دکھ کی بات ہے کہ وہ دوبارہ منتخب ہونا چاہتے ہیں۔ انہیں پرواہ ہی نہیں ہے کہ کتنے لوگ (کورونا وائرس سے) مریں۔'
پروگرام کی میزبان ایمیلی میٹلس نے کہا کہ ٹرمپ کے ووٹرز اس بات سے اتفاق نہیں کریں گے اور پھر بھی انہیں ووٹ دیں گے۔ اس کے جواب میں رابرٹ ڈی نیرو کا کہنا تھا کہ 'ٹرمپ کو ان لوگوں کی پرواہ نہیں اور جن لوگوں کی فکر کرنے کا وہ دکھاوا کرتے ہیں ان کے لیے ٹرمپ کے دل میں کوئی عزت نہیں۔'
آسکر جیتنے والے رابرٹ ڈی نیرو کے ٹرمپ سے متعلق بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کورونا وائرس کے کیسز سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔
صدر ٹرمپ کو لاک ڈاؤن ختم کرنے اور ریاستیں کھولنے کے حوالے سے بیانات کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ہے۔
ٹرمپ نے سابق صدر براک ابامہ کی انتظامیہ کو بھی یہ کہ کہہ کر قصور وار ٹھہرایا ہے کہ انہوں نے انہیں ایک ٹوٹا پھوٹا نظام حوالے کیا ہے۔
تاہم رابرٹ ڈی نیرو کئی سالوں سے ٹرمپ کے ناقد رہے ہیں۔
انہوں نے  VoteYourFuture# نام کی ایک مہم کے لیے ویڈیو بنائی تھی جس کا ایک حصہ الگ سے ریلیز ہوا تھا کیونکہ اس میں وہ ٹرمپ کو 'دھوکے باز' اور ایسے دوسرے القابات سے نواز  رہے تھے۔

شیئر: