Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ، مدینہ، تبوک اور طائف میں بارش

دس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے.(فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ موسمیات نے ہفتہ 16 مئی کو سعودی عرب کے دس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی ہے. بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی.
گرد آلود آندھی چلنے پر جازان، نجران، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، ریاض، قصیم اور حائل میں حد نظر محدود ہوجائے گی.
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن، ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے متعدد علاقے گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے.

طائف میں دو شہریوں کی گاڑی سیلاب میں پھنس گئیں(فوٹو سبق)

مدینہ منورہ، تبوک اور طائف میں جمعہ کو بارش کی اطلاعات ہیں. بعض مقامات پر موسلا دھار اور دیگر جگہوں پر درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی.
مدینہ منورہ کی آٹھ کمشنریوں میں جمعہ کو بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا.
سعودی عرب کے7علاقوں سے جمعہ کو بارش کی اطلاعات ملی ہیں. ان میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، باحہ، عسیر، تبوک، جنوبی حائل اور مغربی قصیم شامل ہیں.
سبق ویب سائٹ کے مطابق جمعے کو بارش کے بعد ابہا کی وادیاں زیر آب آگئیں. سڑکوں کے دونوں جانب کھڑے درخت بارش کے پانی سے دھل گئے. ابہا کے شمالی محلوں میں پانی بھر گیا.
طائف اور اس کے محلوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار بنادیا. طائف کے شمالی اور جنوبی محلوں میں موسلا دھار بارش ہوئی. محکمہ شہری دفاع نے سب لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے.

مدینہ منورہ، تبوک اور طائف میں جمعہ کو بارش کی اطلاعات ہیں.(فوٹو عاجل)

تبوک شہر اس کے جنوب مشرق اور مدینہ تبوک شاہراہ پر بارش کے بعد خوبصورت مناظر پر مشتمل تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں.
جازان کی سب سے بڑی سڑک پر ایک گاڑی بارش کاپانی بھر جانے کی وجہ سے پھنس گئی. طائف میں دو شہریوں کی گاڑی سیلاب میں پھنس گئی تھی جسے رضاکاروں نے مدد کرکے بچالیا.
 طائف میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کے مسحور کن مناظر کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر ہیں.

شیئر: