Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمی انفلوائنزا ویکسین سے کورونا لگ سکتا ہے؟

موسمی انفلوائنزا ویکسین سے مزاحمتی نظام  محفوظ ہوجاتا ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ موسمی انفلوائنزا ویکسین سے کورونا وائرس لگنے کا کوئی امکان نہیں.
اخبار 24 کے مطابق العبد العالی نےپریس کانفرنس میں واضح کیا کہ ان دنوں سعودی عرب میں ایک افواہ پھیلی ہوئی ہے- افواہ یہ ہے کہ موسمی انفلوائنزا ویکسین لینے سے کورونا وائرس کا امکان بڑھ جاتا ہے. اس افواہ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں. یہ کسی سائنٹفیک جائزے پر مبنی نہیں اور یہ من گھڑت بات ہے.
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی انفلوائنزا سے بچنے کے لیے ہر موسم کے شروع میں موسمی انفلوائنزا ویکسین ضرور لیں. یاد رکھیں کہ موسمی انفلوائنزا سے مزاحمتی نظام متاثر ہوتا ہے.
العبد العالی نے مزید بتایا کہ موسمی انفلوائنزا ویکسین لینے والوں کا مزاحمتی نظام  محفوظ ہوجاتا ہے. وائرس لگنے سے محفوظ ہوجاتے ہیں ان کا مزاحمتی نظام مزید مضبوط ہوجاتا ہے اور جو لوگ یہ دعوے کرتے ہیں کہ موسمی انفلوائنزا ویکسین لینے سے کورونا وائرس لگنے کا امکان بڑھ جاتا ہے غلط ہیں.
ترجمان نے کہا کہ اس قسم کی باتوں پر کان نہ دھرا جائے اور صحت معلومات وزارت صحت کے سرکاری ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں. 
دریں اثنا ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کھانے سے نہیں بلکہ نظام تنفس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے.
ترجمان صحت نے مزید کہا کہ خوراک براہ راست انسانی معدے میں پہنچتی ہے جبکہ کووڈ 19 کا جراثیم نظام تنفس پر حملہ آور ہوتا ہے.

صابن یا جراثیم کش محلول سے ہاتھوں کو مسلسل صاف کرتے رہیں.(فوٹو سوشل میڈیا)

سبق نیوز نے ترجمان صحت کے حوالے سے بتایا کہ سائنسی تحقیق میں یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ کورونا وائرس ہاتھوں کےذریعے انسان کے نظام تنفس پر حملہ آور ہوتا ہے. اس لیے ماہرین بار بار ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھنے کا کہتے ہیں.
ڈاکٹر العبدالعالی کا مزید کہنا تھا کہ بہت حد تک ممکن ہے کہ کھانے پینے کی اشیا مثلا سبزی یا پھل پر کورونا وائرس کا جراثیم کسی انسان کے ذریعے منتقل ہو گیا ہو اور جب دوسرا اسے ہاتھ لگائے تو وہ ہاتھوں کے ذریعے دوسرے انسان میں اسی صورت میں منتقل ہو سکتا ہے جب متاثرہ شخص ہاتھ دھوئے بغیر ناک ، آنکھ یا منہ میں ہاتھ لگاتا ہے.
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صابن یا جراثیم کش محلول سے ہاتھوں کو مسلسل صاف کرتے رہیں. گھر سے باہر جائیں تو طبی ماسک کا استعمال لازمی کریں.

شیئر: