Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں بدھ سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان

روزانہ صبح 6 سے رات 11 بجے تک تجارتی ادارے کھلے رہیں گے.(فوٹو اے ایف پی)
دبئی میں حکام نے بدھ 27 مئی سے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے اور آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے. روزانہ صبح 6 سے رات 11 بجے تک تجارتی ادارے کھلے رہیں گے.
 ولی عہد دبئی اور ایگزیکٹیو کونسل کے سربراہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے عید الفطر کے چوتھے دن سے دبئی میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے.
الامارات الیوم کے مطابق دبئی کے ولی عہد نے بتایا ہے کہ ’اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم اعلی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ملک میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا ہے‘.

 حفاظتی تدابیر کی پابندی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے(فوٹو اے ایف پی)

آن لائن اجلاس میں دبئی کے نائب سربراہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے سربراہ شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم اور کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے.
شیخ حمدان بن محمد نے بتایا کہ ’اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ ریاست کے تازہ حالات کی روشنی میں اقتصادی، سماجی اور صحت اثرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر کیا گیا ہے‘.
 ولی عہد دبئی نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے چوبیس گھنٹے احتیاطی تدابیر پر عمل کرائیں. اس حوالے سے آگہی مہم پر خصوصی توجہ دیں.

قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران  فیصلہ کیا گیا ہے.(فوٹو اے ایف پی)

شیخ حمدان نے مزید کہا کہ ’ہمیں احساس ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث عالمی بحران نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے تاہم امارات کا معاشرہ ہر چیلنج پر پورا اتر کر رہے گا‘.
انہوں نے اطمینا ن دلایا ہے کہ ملک میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں مہیا ہیں. نجی ادارہ بھی تعاون کررہا ہے- دبئی ورلڈ کمرشل سینٹر میں فیلڈ ہسپتال تین ہزار بستروں پر مشتمل ہے.
شیخ حمدان  کا کہنا تھا تمام سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے  اداروں سے کہاکہ وہ مختلف اقتصادی سرگرمیوں، بازاروں اور اداروں سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کرائیں.
عرب نیوز کےمطابق بیان میں کہا گیا کہ رات گیارہ سے صبح چھ بجے تک پابندیاں برقرار رہیں گی.

 

شیئر: