Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمرہ اور زیارت تاحکم ثانی معطل رہیں گے‘

وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے، اس پر نظر ثانی ہوتی رہے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث معمولات زندگی جو معطل ہوئے تھے انہیں آہستہ آہستہ بحال کیا جا رہا ہے تاہم عمرہ اور زیارت کی بحالی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین ہر وقت غور کر رہے ہیں، صورتحال جیسے ہی بہتر ہوگی تو اس پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے دیگر شہروں کی طرح مکہ مکرمہ میں بھی کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس پرعمل درآمد اتوار 31 مئی سے ہوگا۔
وزارت داخلہ کے فیصلے کے مطابق 21 جون کو مکہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی جہاں احتیاطی تدابیر پر عمل کے ساتھ جمعہ اور جماعت ادا ہوں گی تاہم حرم مکی شریف میں موجودہ ضوابط کے تحت جمعہ اور جماعت ادا کرنے کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
 

شیئر: